زیادہ سے زیادہ اداروں کو لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹر کروایا جائے، سیدہ کلثوم حئی

Jan 20, 2024

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر پنجاب سیدہ کلثوم حئی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر راولپنڈی ڈویژن سمیع اللہ خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر راولپنڈی عزیر عباس اور دیگر افسران و اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی لیبر ویلفیئر پنجاب نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا۔انہوں نے چیمبر کے صدر، جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیداران کے ساتھ صنعتی و کمرشل ادارہ جات میں کم از کم تنخواہ کی ادائیگی اور ہیلتھ اور سیفٹی کے اطلاق کو یقینی بنانے کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ڈی جی لیبر ویلفیئر پنجاب نے مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے لیبر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے قائم کردہ ہیلپ لائن نمبر 1314 کے بارے میں چیمبر کے عہدے داران کو اگاہ کیا۔ ڈی جی لیبر ویلفیئر پنجاب نے زیادہ سے زیادہ اداروں کو لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹر کروانے کی اہمیت پر بھی زور دیا راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے ڈی جی لیبر ویلفیئر کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہا اور ملاقات میں زہر بحث لائے جانے والے تمام امور پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ بعد ازاں ڈی جی لیبر نے مری بروری کمپنی لمیٹڈ اور کوہ نور ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ راولپنڈی کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر ڈی جی لیبر ویلفیئر پنجاب نے انتظامیہ اور لیبر یونینز کے عہداران سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ڈی جی لیبر ویلفیئر پنجاب  نے دونوں اداروں میں لیبر قوانین کے اطلاق پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں