اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے قطر کے وزیر مملکت برائے داخلہ امور شیخ عبدالعزیز بن فیصل الثانی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل، جواد سہراب ملک اور وزیر مملکت برائے داخلہ قطر عبدالعزیز بن فیصل بن محمد الثانی کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور اقتصادی ترقی پر بات چیت ہوئی۔ملاقات کے دوران، معاون خصوصی نے قطر کے وزیر مملکت داخلہ کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ورلڈ کپ 2022 کی مثالی نوعیت اور اس کے اعلیٰ معیارات پر زور دیا، جس نے دوسرے ممالک کے لیے پیروی کرنے کے لیے ایک معیار قائم کردی۔ معاون خصوصی نے قطر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور قطر کی اقتصادی جدید کاری میں مدد کے لیے انتہائی ہنر مند اور پیشہ ور افرادی قوت کی فراہمی جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ملاقات کے دوران معاون خصوصی کے ساتھ قطر میں پاکستان کے سفیر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بھی موجود تھے۔