بارش سے صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقے پانی میں ڈوب گئے، کرنٹ لگنے سے دوبچے جاں بحق،وزیراعلیٰ پنجاب نکاسی آب کا جائزہ لینے کے لئے شہر میں گھومتے رہے۔

Jul 20, 2010 | 22:15

سفیر یاؤ جنگ
صوبائی دارالحکومت میں مون سون کی بارش سے کئی علاقے زیر آب آگئے، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لاہورکےعلاقے راج گڑھ میں بارش کےدوران گلی میں کھیلتےہوئےدو بھائی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ لواحقین نے الزام لگایا ہے لڑکوں کوکرنٹ لگنے کے عمل کے دوران متعلقہ ایس ڈی او کو مین سپلائی بندکرنے کیلئے فون کیا توانہوں نے اپنا فون بند کردیا۔ادھر وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف بارش میں دوگھنٹے سے زائد دیر تک ڈیوس روڈ ریلوے سٹیشن، مصری شاہ، گڑھی شاہو اور گلبرگ کے علاقے میں پانی کی نکاسی کے انتظامات کا معائنہ کرتے رہے۔انہوں نےمختلف علاقوں میں گاڑی سے اتر کر پانی میں چل کر نکاسی آپ کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بارش کے پانی میں ڈوبنے والے علاقوں میں اب پانی کی نکاسی کا عمل بہتر ہوا ہے، جس پر وہ منتخب نمائندوں اور واسا حکام کو شاباش دیتے ہیں۔ وزیراعلٰی نے ایم،ایم عالم روڈ گلبرگ میں نیا سیوریج سسٹم بچھانے کے باوجود پانی کھڑا ہونے پر ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلٰی کے اس ہنگامی دورے کے دوران سینیٹر پرویزرشید اورایم پی اے ضعیم قادری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
مزیدخبریں