لاہور( ثناءنیوز )سندھ طاس واٹر کونسل پاکستان کے چیئرمین اور عالمی پانی اسمبلی کے چیف کوآرڈینیٹر حافظ ظہورالحسن ڈاہر نے کہا ہے کہ بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے ایک بار پھر کشمیر کو بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دے کر ثابت کردیا ہے کہ بھارت اس ضمن میں کسی کے آگے جوابدہ نہیں ہے حالانکہ 8 لاکھ بھارتی فوج ایک مدت سے کشمیر میں داخل ہوکر نہتے کشمیریوں کا خون بہا رہی ہے۔ بھارت 2014ءتک پاکستان کے مثالی نظام آبپاشی کو تباہ کر کے پانی کا رخ اپنی بنجر زمینوں کی طرف موڑنے کا منصوبہ بنا چکا ہے۔ یہ دنیا کی تاریخ میں بہت بڑی آبی غنڈہ گردی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سندھ طاس واٹر کونسل پاکستان کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ ظہور الحسن ڈاہر نے کہا کہ ۔ اب ڈنگ ٹپاﺅ پالیسی سے کام نہیں چلے گا۔ بھارت پاکستان کے 70 فیصد آبی وسائل پر مکمل قبضہ کرچکا ہے۔ وہ کس منہ سے مذاکرات کی میز پر آئے۔