پیپلزپارٹی کے مخالفین سندھ میں مارے مارے پھررہے ہیں‘قائم علی شاہ

کراچی(وقائع نگار)وزیراعلیٰ اور پیپلز پارٹی کے صدر سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے مخالفین سندھ میں مارے مارے پھر رہے ہیں ان کو کچھ نہیں ملے گا ناکامی ان کا مقدر ہے اور رہے گی اور جب جیالے جیالیاں میدان میں نکلیں گے تو یہ سب کے سب بھاگ جائیں گے انہیں ایک ووٹ بھی نہیں ملے گا۔ یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی سندھ کی طرف سے صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں شہید بے نظیر بھٹو بنکئیٹ ہال وزیراعلیٰ ہاﺅس میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے ریلوں کے سفر بہت پہلے کرچکے ہیں اور ریل مارچ وغیرہ سے نہیں ڈرتے جبکہ پارٹی صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں رل کی مہم بھی شروع کرسکتی ہے اور ریل میں چلتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکم ملنے پر ہر طرف ریل ہی ریل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اسی کیفیت میں سندھ کے کونے کونے میں مارے مارے پھررہے ہیں اور وہ کبھی لعل شہباز قلندر کی مزار پر کبھی گڑھی خیرو تو کبھی ماتلی میں پھر رہے ہیں جبکہ ناکامی ان کا مقدر رہی ہے اور رہے گی۔
قائم علی شاہ

ای پیپر دی نیشن