صدرآصف علی زرداری نے سندھ حکومت کو کراچی میں بہر صورت قیام امن اورلیاری کا مسئلہ سیاسی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔



بلاول ہاؤس کراچی میں صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کور کمیٹی سمیت تین اہم اجلاسوں کی صدارت کی۔ان اجلاسوں میں وزیراعلی سندھ سمیت پیپلزپارٹی کے وزراء اور کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پرکراچی سمیت پورے صوبے کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔اجلاسوں کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر رفیق انجینئر نے بتایا کہ صدر مملکت نے کراچی میں بہر صورت قیام امن اور لیاری کا مسئلہ سیاسی طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صدرآصف علی زرداری نے لیاری یونیورسٹی میں آصفہ بھٹوالیکٹرانک اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹوٹ کی تقریب سنگ بنیاد میں بھی شرکت کی جس کا سنگ بنیاد آصفہ بھٹو زرداری نے رکھا۔اس موقع پر گورنر، وزیراعلی اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے بعد ازاں حضرت لعل شہباز قلندر کی مزار پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کے متعلق ایک اجلاس کی صدارت بھی کی اور کام کے غیر معیاری ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس سے قبل صدر سے گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی ملاقات کی۔

ای پیپر دی نیشن