کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان رہااور ہنڈریڈ انڈیکس چودہ ہزار چھ سو پوائنٹس کی سطح عبور نہ کرسکا۔لاہور اسٹاک مارکیٹ میں آج مندی رہی۔

Jul 20, 2012 | 21:58

کامرس رپورٹر

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور انڈیکس پہلے سیشن کے آغاز پر ہی چودہ ہزار چھ سو پوائنٹس کی سطح عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا تاہم کاروبار کے آغاز کی تیزی دوسرے سیشن کے دوران برقرار نہ رہ سکی اورجہانگیر صدیقی، ایزگرڈ نائن ، ڈی جی خان سیمنٹ اور فرٹیلائزر اسٹاکس میں شئیرز کی فروخت نے مارکیٹ کی تیزی کو مندی میں تبدیل کردیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس چار پوائنٹس کمی کے بعد چودہ ہزار پانچ سو چونسٹھ پوائنٹس پر بند ہواجبکہ مجموعی کاروباری حجم میں بھی آج چھ کروڑ شئیرز کی کمی رہی۔ کاروبار کے اختتام تک نو کروڑ اکسٹھ لاکھ شئیرز کے سودے ہوئے ۔دوسری جانب رمضان المبارک کے باعث کراچی اسٹاک ایکسچنج میں ٹریڈنگ کے دورانیئے میں ایک گھنٹہ پندرہ منٹ کی کمی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ رمضان المبارک میں کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں صبح نو بج کر پندرہ منٹ پر شروع ہونگی اور بغیر کسی وقفے کے دوپہر دو بجے تک جاری رہیں گی۔دوسری جانب لاہور اسٹاک مارکیٹ میں آج مندی رہی اورایل ایس پچیس انڈیکس اٹھارہ پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار چھ سو انہتر پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں ایک سو دو کمپنیوں کے چودہ لاکھ تینتالیس ہزار سات سو پانچ حصص کا کاروبار ہوا۔ بارہ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ،انتیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ اکسٹھ کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔

مزیدخبریں