لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار نے عالمی سطح پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان صدر سپریم کورٹ بار سید علی ظفر نے لاہور میں سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے اور جدوجہد کشمیر کے لئے عالمی سطح پرتمام فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق استصواب رائے کے لئے ملکی سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے اس مسئلے کا قابل عمل حل تلاش کیا جائے۔ سپریم کورٹ بار نے آل پارٹیز کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ، او آئی سی، ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نمائندوں اور پاکستان میں موجود دیگر ممالک کے سفیروں کو مبصر کے طور پر مدعوکرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اجلاس میں عدالت عالیہ لاہور کے مزید نئے بنچز نہ بنانے کے حوالے سے فل کورٹ اجلاس کے فیصلے کو بھی سراہا گیا اور کہا گیا کہ نئے بنچز کی بجائے عدالت عالیہ لاہور کی صدر نشست پر متعلقہ اضلاع کے الگ سے جج مقرر کئے جائیں تاکہ ان اضلاع کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا سکے۔
کشمیریوں پر بھارتی مظالم، سپریم کورٹ بار اے پی سی بلائے گی
Jul 20, 2016