اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بغیر تحقیق کے اسحاق ڈار سے متعلق فیصلے کے حوالے سے نیب اور اسحاق ڈار پر بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں، غیر ذمہ دارانہ بیان دینا اور پھر قلا بازی لگا کر موقف تبدیل کر لینا ان کا وطیرہ ہے، اس لئے کہ وہ جھوٹ بولنے کے عادی ہو چکے ہیں، عمران خان کو عوامی سطح پر کوئی پذیرائی حاصل نہیں۔ بے بنیاد الزام تراشی کے ذریعے وہ لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ عوام ان کا اصل چہرہ اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے اور 5 ارب روپے ہرجانہ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ جس کے تحت عدالت تین مرتبہ عمران خان کو نوٹس بھجوا چکی ہے لیکن انہوں نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ۔ اگر عمران خان کے پاس کوئی ثبوت ہوتے تو کیا وہ انہیں عدالت میں پیش کرنے کے لئے حاضر نہ ہو جاتے اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو بہتان طرازی کی بجائے انہیں سامنے لائیں۔