اپوزیشن رہنمائوں کا کشمیر کمیٹی پر عدم اعتماد، فضل الرحمن کو فارغ کرنے کا مطالبہ

ملتان(آئی این پی)اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں نے مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں کشمیرکمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے میں کشمیرکمیٹی نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمن کو کشمیرکمیٹی سے فارغ کرنے کا مطالبہ کردیا ۔دوسری طرف جے یوآئی(ف)کے سینٹر حمد اللہ نے کہا کہ کشمیرکمیٹی اپنے اختیارات کے مطابق فعال کردار ادا کررہی ہے۔ کمیٹیوں کا کام سفارشات دینا ہوتا ہے ان پر عملدرآمد کرانا انکے بس کی بات نہیں ہوتی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کشمیرکمیٹی رسمی کمیٹی بن گئی ہے اور صرف بیانات تک محدود ہے۔حکومت کشمیرکی حالیہ صورتحال پر پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلائے ۔کشمیریوں کی بھرپوراخلاقی اور سفارتی حمایت کرتے رہیں گے۔شیخ رشیداحمد نے کہا کشمیر کمیٹی نام کی کمیٹی ہے جو کوئی کردار ادا نہیں کرسکی۔امتحان کا وقت ہے پوری پاکستانی قوم کو ان کیساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ اور کشمیریوں کا ہر طرح سے ساتھ دینا چاہیے۔سینٹرحمداللہ نے شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کی طرف سے کشمیر کمیٹی پر عدم اعتماد کے اظہار پر کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خود اہم قومی امور پر اسمبلی اجلاسوں سے غیر حاضر رہتے ہیں انہیں بھی اسمبلی سے استعفیٰ دینا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن