کراچی(اسپورٹس ڈیسک)چمن بارڈر پر ایف سی کے قافلے پر ہونے والے خود کش حملے میں میجر اور اہلکار کے شہید ہونے کے باعث آل پاکستان فیڈریشن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ ملتوی کردیا گیا ہے یکم اگست سے شروع ہونے والایہ ٹورنا منٹ اب 30 ستمبر سے پانچ اکتوبر تک چمن کی عیسیٰ خان فٹ بال اکیڈمی میں کھیلا جا ئےگا۔پاکستان فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان اور کے الیکٹرک کے کوچ عیسیٰ خان نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈریشن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں تھیں اور اس کا آغاز یکم اگست سے ہونا تھا تاہم چمن کے بارڈر ایریا کے چیک پوسٹ پر ہونے والے دھماکے میں ایف سی اہلکاروں کی شہادت کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔ڈی سی او چمن نے امن و امان کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد کو آگے بڑھانے کی درخواست کی جسے قبول کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا انعقاد 30 ستمبر سے5 اکتوبر تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چمن بارڈر پرخودکش حملہ فٹبال ٹورنامنٹ ستمبر تک ملتوی
Jul 20, 2017