مظفرآباد(صباح نیوز)وزیراعظم آزادحکومت جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ قرارداد الحاق پاکستان کی قانونی، سیاسی اور تاریخی حیثیت ہے جب کشمیریوں نے الحاق پاکستان کا فیصلہ کیا تو مسئلہ کشمیر پیدا ہوا الحاق پاکستان ہماری منزل ہے اور منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی ۔ 19 جولائی1947 کی قرارداد الحاق پاکستان کو کشمیری مسلمانوں کے مینڈیٹ کی پوری تائید و حمایت حاصل تھی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت اور اس کی قابض افواج کو کشمیری عوام نے پر امن عوامی مزاحمتی تحریک کے ذریعے نفسیاتی طور پر شکست سے دو چار کر دیا ہے لائن آف کنٹرول پر بھارت نہتے عوام کو نشانہ بنا رہا ہے لائن آف کنٹرول پاکستان کی فرسٹ ڈیفنس لائن ہے بھارت کی کوشش ہے کہ اس دفاع حصار کو کمزور کیا جائے لیکن ایل او سی کے 5لاکھ عوام بھارت کے مکروہ عزائم کوعزم و ہمت اور جرات و دلیری کے ساتھ ناکام بنائیں گے متاثرین کنٹرول لائن کے مسائل کے حل کے لیے تمام تر ریاستی وسائل برئوے کار لائے جائیں گے۔ مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بہترین وکالت کر سکتا ہے پانامہ کیس کی آڑ میں ملک کمزور کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں پانامہ کیس قانونی معاملہ ہے اسے سیاسی نہ بنایا جائے سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنے دیا جائے ہمیں سپریم کورٹ اور افواج پاکستان پر مکمل اعتمادہے میاں محمد نواز شریف کشمیریوں کے حقیقی اور سچے ہمدرد ہیں مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کر نے کے لیے وزیراعظم پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا اور کشمیریوں کی وکالت کا حق ادا کیا کشمیری نئے نہیں قائداعظم کے پاکستان کے متمنی ہیں۔ جلسہ عام سے وزیر صنعت و حرفت و سماجی بہبود نور ین عارف ،سربراہ عبدالرشید ترابی ، راجہ سجاد لطیف، عزیر احمد غزالی،مشتاق الاسلام، فرید خان اور دیگر نے بھی خطا ب کیا۔ یوم الحاق پاکستان کے جلسہ سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ دفاع وطن کے لیے پوری کشمیری قوم مسلح افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور وطن کے لیے ہر طرح کی قربانی پیش کرے گی کشمیریوں کی آزادی کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی شہداء کشمیر کا لہو رنگ لائے گا۔دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ اہل کشمیر تحریک تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت فوج بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیر میں ظلم وجبر کا ہر حربہ استعمال کیا لیکن کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد ہمارے ہیرو ہیں امریکی صدر کی طرف سے بھارتی خوشنودی کے لیے جو فیصلہ کیا گیا وہ احمقانہ ہے اس فیصلے سے امریکہ کو نقصان ہوا ہے اور کشمیری امریکہ سے متنفر ہو گئے ہیں جلسہ سے خطاب کے دوران نورین عارف نے کہاکہ قراردا د الحاق پاکستان ہمارے اسلاف کا درست فیصلہ تھا اور کشمیری قیادت نے عین وقت پر صحیح فیصلہ کر کے قوم کے لیے حقیقی سمت کا تعین کیا ۔ ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہاکہ موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ آزادکشمیر کی قیادت اور حریت وفد پر مشتمل ایک وفد تشکیل دیا جائے جو پاکستان کی قومی قیادت سے ملے اور انہیں تحریک آزادی کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دے۔مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کے صدرفرید خان نے قراردادیں پیش کیںجنہیں متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔