کوئی ہے جو ملک کو بدحال کرنے والوں کا گربیان پکڑے‘ میرا احتساب ضرور کرو‘ الزام تو بتاﺅ : نوازشریف

سیالکوٹ + فیروزوالا (حامد علی خان+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف نے سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف سچے اور کھرے آدمی ہیں۔ خواجہ آصف اس شہر کا ہی نہیں نوازشریف کا بھی اثاثہ ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا پاکستان میں ایک آدمی ہے جس کا احتساب ہو رہا ہے۔ آج میرا احتساب ہو رہا ہے تو اوروں کا بھی ہو گا۔ ہماری 3 نسلوں کا احتساب ہو رہا ہے‘ میرے والد کا‘ میرا اور میرے بیٹوں کا۔ لیکن مجھے سمجھ نہیں آتی کس بات کا احتساب ہو رہا ہے۔ یہ تو بتائیں کس جگہ سے نوازشریف نے ناجائز مال بنایا ہے؟ مجھ سے 1990ءسے 1993ءکا بھی حساب لے رہے ہیں جب وزیراعلیٰ تھا کہ اس دور کا بھی بتاﺅ۔ احتساب کرنے والو یہ تو بتاﺅ الزام اور مقدمہ کیا ہے؟ مجھے آج تک نہیں پتہ مجھ پر الزام کیا ہے؟ جب تم نے میاں شریف کو لوٹا‘ منی ٹریل تو تم بتاﺅ‘ پیسہ لوٹ کر کہاں لے گئے تھے‘ میرا 1972ءسے احتساب کیا جا رہا ہے جب نوازشریف بچہ تھا۔ ہمیں لوٹ کر ہم سے منی ٹریل پوچھتے ہو۔ بتاﺅ تو سہی نوازشریف نے کہاں سے سونا لوٹا یا کہاں سے چاندی لوٹی؟ انہوں نے کہا آپ کا وزیراعظم ایک ایک پیسے کا امین ہے۔ پاکستان کی ترقی کو روکنا ملک سے غداری ہے‘ بھٹو نے ہماری فیکٹری کو قومیا لیا تھا‘ ایک پیسہ معاوضے کے طور پر ہمیں نہیں دیا۔ ڈھاکہ میں ہماری فیکٹری بنگلہ دیش کی نذر ہو گئی‘ کیا میں نے موٹر وے میں پیسہ کھایا‘ کک بیک لیا؟ سرکاری پیسے کا احتساب نہیں ہو رہا‘ یہ میرے خاندان کا ہو رہا ہے\ انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے شعر پڑھا کہ
کعبے کس منہ سے جاﺅ گے غالب
شرم تم کو مگر نہیں آتی
پاکستان اندھیروں سے نکل کر دوبارہ روشن ہو رہا ہے، اس کیلئے دن رات کام کیا، میں امین نہ ہوتا تو کلنٹن سے 5 ارب ڈالر لے لیتا اور ایٹمی دھماکے نہ کرتا۔ بتایا جائے ہم نے کہاں قومی امانت میں خیانت کی۔ مجھے اپنے نوجوانوں کی فکر ہے۔ میں پاکستان کا خیرخواہ ہوں۔ پاکستان میں 56 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ میں جواب نہ بھی دوں تو یہ قوم 2018ءمیں جواب دے گی۔ روز بہتان تراشی کر رہے ہوتے ہو، گندی زبان استعمال کر رہے ہوتے ہو۔ یہ گیم 2014ءمیں دھرنوں سے شروع ہوئی، صرف اس لئے کہ وزیراعظم بن جاﺅ۔ تمہیں ووٹ ہی نہیں ملے تو وزیراعظم کیسے بنتے۔ سازش سے کیسے اقتدار لے سکتے ہو۔ ہم نے دہشت گردوں کی کمر توڑی، ہم نے منصوبوں میں پاکستانی قوم کے پیسے بچائے۔ آج پاکستان معاشی طاقت بننے جا رہا ہے، ٹانگیں مت کھینچو، دفاعی طاقت کے بعد پاکستان معاشی طاقت بننے جا رہا ہے، صرف اس لالچ میں ٹانگیں مت کھینچو کہ نواز شریف وزیراعظم کیوں؟ میں کیوں نہیں؟ پاکستان کے عوام نے تمہیں بار بار مسترد کیا۔ تم کبھی ادھر سے کبھی ادھر سے سازش کر کے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہو۔ جن مخالفین کو عوام نے بار بار ٹھکرایا انہیں سب سے زیادہ تکلیف ہے۔ ان کے صوبے میں بھی ہزارہ موٹروے ہم ہی بنا رہے ہیں۔ پاکستان کی ترقی ہونے دو، ترقی نہ روکو، ترقی روکنا غداری ہے۔ ایک مولوی صاحب آتے ہیں انہیں جپھی ڈالتے ہیں اور کنٹینر پر چڑھ جاتے ہیں۔ تم ہر روز غیبت، بہتان تراشی اور گندی زبان استعمال کرتے ہو، جنہوں نے ہمیں لوٹا وہی ہم سے منی ٹریل پوچھ رہے ہیں۔ منی ٹریل کا پوچھنے والو! اپنی منی ٹرائل بتاﺅ۔ ہمارا 40 سال کا احتساب ہو رہا ہے، اپنا 10 سال کا تو دو۔ ہم سے پوچھنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔ آپ کی انہی حرکتوں کی وجہ سے ملک پیچھے رہ گیا۔ جنہیں عوام نے بار بار ٹھکرایا وہ استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ ہم سے پوچھنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔ آپ کی انہی حرکتوں کی وجہ سے ملک پیچھے رہ گیا ہے۔ پہلی بار 4سال تک پہنچا ہوں‘ دیکھیں کیا ہوتا ہے؟ ڈگڈگی بجانے والے ڈگڈی بجاتے رہیں گے‘ کوئی ہے جو ملک کو بدحال کرنے والوں کا گریبان پکڑے؟ کہاں؟ کب اور کس منصوبے میں کرپشن ہے‘ پتہ نہیں کس چیز کا احتساب ہو رہا ہے۔ قبل ازیں ٹریڈ سینٹر کے افتتاح کے بعد گفتگو میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم محنت کرکے ملک کو آگے بڑھائیں گے اور ڈگڈگی بجانے والے ڈگڈگی بجاتے رہیں گے۔ یہ مینا بازار پاکستان کو کس طرف لے کر جائے گا اور یہ تماشا لگانے والے جن کو قوم نے بار بار ٹھکرایا ہے مجھ سے استعفیٰ مانگنے والے کون ہوتے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزراءخواجہ محمد آصف، خرم دستگیر خان، صوبائی وزیر محمد منشاءاللہ بٹ، ریاض الدین شیخ، صدر چیمبر ماجد رضا بھٹہ، میجر (ر) منصور احمد، لالہ ظفر، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد اکرام، فضل جیلانی، خاور انور خواجہ، ڈاکٹر اسلم ڈار سمیت کثیر تعد اد میں ممبران چیمبر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا موٹر ویز بھی بن رہی ہیں۔ ہر آئے دن بجلی کے کارخانوں کا افتتاح ہو رہا ہے ، ان سے بجلی پیدا ہونی شروع ہو چکی ہے اور لوڈ شیڈنگ ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور 2018ءمیں لوڈ شیڈنگ بالکل ختم ہو جائے گی۔ 2013ءمیں منصوبے بنانے کیلئے کوئی رقم نہ تھی،قیاس آرائیاں کی جا رہی تھی کہ پاکستان ڈیفالٹ کرنے والے ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم پر ایک پیسے کی کرپشن کا بھی داغ نہیں۔ یہ سمجھ نہیں آرہی کہاں اور کب کرپشن ہوئی ہے، کس منصوبے میں کرپشن ہوئی جس کا آج احتساب ہو رہا ہے اور یہ ایک ایسا سوال ہے کہ جس کاکم از کم مجھے جواب نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معلوم ہونا چاہئے کہ یہ کس چیز کا حساب ہو رہا ہے، یہ سرکاری پیسے میں خورد برد کا حساب ہو رہا ہے یا ہمارے کاروباری معاملات کا حساب ہو رہا ہے۔ کچھ تو پتہ لگنا چاہئے۔انشاءاللہ تعالیٰ ہم سرخرو ہونگے۔ پہلے دھرنا، پھر دھرنا نمبر 2 شروع ہوا اور اب یہ تیسری یلغار ہے۔ ان کی کارستانیوں کی وجہ سے پچھلے چند ہفتوں میں سٹاک ایکسچینج میں گراوٹ آرہی ہے اور دس ہزار پوائنٹس نیچے گرا ہے۔ سی پیک منصوبے کی تاخیر کے ذمہ دار بھی یہ لوگ ہیں کیونکہ چین کے صدر کا دورہ ان کی وجہ سے چھ ماہ تاخیر کا شکار ہوا۔ بجلی سستی ہونے سے صنعت کی پیدواری لاگت میں کمی آئے گی۔ سیالکوٹ لاہور موٹروے انشاءاللہ تعالیٰ اگلے سال یہ مکمل ہو جائے گی۔ وزیراعظم نے اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بزنس کمیونٹی کو شاباش بھی دی۔ بعد ازاں وزیر اعظم محمد نوازشریف نے وفاقی وزیر دفاع ، پانی وبجلی خواجہ محمد آصف کی سیالکوٹ چھاﺅنی میں رہائش گاہ پر پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی ہوس نے کئی نام نہاد لیڈروں کی راتوں کی نیندیں اڑاکررکھ دی ہیں اسی وجہ سے مخالفین اقتدار کی خاطر منفی سیاست کررہے ہیں لیکن منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی اقتدار نہیں ملے گا کیونکہ انتخابات میں ہمیشہ قوم ہی اپنے ووٹ کی طاقت سے کامیاب کرواتی ہے اور کامیاب ہونے والے ہی اقتدار میں آتے ہیں اور ملک وقوم کی خدمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں عدلیہ بحالی تحریک میں سب سے اہم کردار وکلاء، قوم اور مسلم لیگ (ن) نے کیا تھااور ہم نے اس وقت بھی کسی دباﺅ میں آئے بغیر عدلیہ بحالی تحریک میں سب سے برا قدم اٹھایا تھا‘ ہم کسی کو عدلیہ کے خلاف سازش کرنے نہیں دیں گے ۔ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ2018ءکے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)دوبارہ واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے اقتدار میں رہے گی اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی ، عوامی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے ملحقہ "ریاض الدین شیخ بزنس اینڈ ٹریڈ سینٹر" کا افتتاح کیا۔ فےروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق وزےراعظم نوازشرےف نے کہا کہ ملک کی ترقی کو روکنا اےک سازش ہے۔ جسے ہر صورت مےں ناکام بنا دےں گے‘ مخالفےن کو کےوں تکلےف ہو رہی ہے کہ 2018ءکے الےکشن مےں عوام مسلم لےگ (ن) کو ووٹ دےں گے اور انہےں مسترد کر دےں گے۔ لاہور، سےالکوٹ موٹرو ے 91کلو مےٹر کا منصوبہ طے شدہ وقت سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔ وہ کالا شاہ کاکو کے قرےب لاہور سے سےالکوٹ جانے والی موٹر وے سڑک کے کام کا جائزہ لےتے ہوئے تقرےب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزےراعظم مےاں نواز شرےف نے کہا کہ لاہور سے سےالکوٹ موٹروے منصوبے پر45ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفےن کی رکاوٹوں کے باوجود بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ خون پسینے کی کمائی خوردبرد نہیں ہونے دینگے۔وزیراعظم نوازشریف آج (جمعرات کو) لواری ٹنل کا باضابطہ افتتاح کرینگے۔ ٹنل گراونڈ پر افتتاحی تقریب میں عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

نوازشریف

ای پیپر دی نیشن