گوجرانوالہ+ لدھے والا وڑائچ+ قلعہ دیدار سنگھ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25جولائی کو خیبرپی کے میں بھی شیر ہی جیتے گا، مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہونے والی ترقی کے ساتھ کسی کا موازنہ ممکن نہیں ہے، سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی ممکن بنائی گئی، ہم نے مشکلات اور نامساعد حالات میں 11ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، عمران خان5سال کنٹینر پر چڑھ کر باتیں کرتے رہے مگر خیبرپی کے میں ایک ڈیم بھی نہ بنا سکے، نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایاان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، قوم کے مستقبل کی خاطر وہ بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر پاکستان آئے، لدھے والا وڑائچ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جلسے میں شریک نوجوانوں کا جذبہ بہت قیمتی ہے، کامیابی کے بعد ان نوجوانوں کو سلام کرنے آئوں گا اور لدھے والا میں ایک سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے، جہاں تمام کھیلوں کی سہولت موجود ہو گی، فیتہ کاٹنے نہیں لدھے والا وڑائچ کے نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے آئوں گا، انہوں نے کہاکہ سابق ایم پی اے میاں مظہر جاوید اربوں روپے کے فنڈز لینے آتا رہا ، 25جولائی کو اس سے بے وفائی کا حساب لینا ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو شیر اور گدھے کا فیصلہ ہو گا۔ اس بار خیبرپی کے میں بھی حکومت بنائیں گے۔ رحیم یار خان میں آئی ٹی یونیورسٹی بنائی۔ مظفر گڑھ کے ہسپتال میں مفت دوائیں دی جاتی ہیں۔ ڈی جی خان میں وومن ڈگری کالج بنایا پنجاب میں شہباز شریف نے کام کیا جو خود بولتا ہے۔ عمران فکر نہ کرو اب تمہیں جھوٹ نہیں بولنا پڑے گا۔ الیکشن میں خیبرپی کے سے بھی شیر دھاڑے گا۔ شیر دھاڑے گا تو پتہ چلے گا گدھا کون ہے حمزہ شہباز نے عمران خان کوشیروانی سلوا کر دینے کی بھی پیشکش کی اور الیکشن کے بعد اڈیالہ جیل کا دروازہ ٹوٹنے کی پیشنگوئی کی۔ عمران خان صرف گالیاں اور کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں ایک فیصلہ عدالت کا آیا دوسرا فیصلہ 25 جولائی کو عوامی عدالت سے آئے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ میں آج نواز شریف کو جیل ملنے گیا انہوںنے بتایا کہ بہت مشکل فیصلہ تھا اہلیہ وینٹی لیٹر پر تھی مگر اسے اللہ کے حوالے کرکے قوم کے پاس لوٹا ہوں، الیکشن میں ہمیں نواز شریف کا مان رکھنا ہے، انہوںنے کہاکہ یہ عمران خان کی طرح کوئی افسانوی بات نہیں ہے بلکہ حقیقت ہے کہ ساڑھے تین لاکھ طلباوطالبات جو اعلی تعلیم کے حصول کے وسائل نہیں رکھتے تھے شہباز شریف کے ویژن کی بدولت بیرون ممالک اعلی تعلیم حاصل کر ر ہے ہیں، انہوںنے کہاکہ دشمن ملک ہمیں پیاسا رکھنا چاہتا ہے مگر جس طرح ہم نے سابقہ حکومت میں بجلی کی فراہمی کاوعدہ پورا کیا اسی طرح آئندہ حکومت میں داسو اور بھاشا ڈیمز بنا کر اتنا پانی ذخیرہ کریں گے کہ دشمن کو ہمیں پیاسا رکھنے کی بات کرنے کی بھی جرات نہ ہوسکے گی، حمزہ شہباز نے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کا پہلی بار احتساب نہیں ہو رہا بلکہ مشرف دور میں بھی دس سال نیب شریف فیملی کی فائلیں کھنگالتا رہا اور ایک دن مشرف کے لگائے افسر نے مجھے بلا کر کہا کہ ہم شریف فیملی کے خلاف کرپشن کا کوئی ایک ثبوت بھی ڈھونڈنے میں ناکام رہے ہیں، شہباز شریف کا یقین ہے کہ کفن کی جیبیں خالی ہوتی ہیں،انہوںنے عمران خان کو مخاطب کر کے کہاکہ عمران نیازی تم وزارت عظمیٰ اور پارٹی صدارت توچھین سکتے ہو مگر نواز شریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے ، امیدوار این اے 80چوہدری محمود بشیرورک نے کہاکہ 25 جولائی کو شیر پر مہر لگانا ہر پاکستانی پر فرض ہو چکا ہے، نواز شریف اور مریم نواز کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جانیں دیں گے ، امیدوار پی پی62حاجی امان اللہ وڑائچ نے کہاکہ عوام شیر کو ووٹ دینے کے لئے 25جولائی کا شدت سے انتظار کر ر ہے ہیں، امیدوار پی پی 53 بلال فاروق تارڑ نے کہاکہ25جولائی کو پاکستان کے عوام میاں نواز شریف کے ساتھ انصاف کریں گے۔ سابق ایم پی اے چوہدری اشرف وڑائچ نے کہاکہ تحریک انصاف میں جانے والے مقامی رہنما ہر الیکشن میں پارٹیاں بدلتے ہیں، اس بار الیکشن میں عوام ان کا وہ حشر کریں گے کہ وہ الیکشن کے بعد منہ چھپاتے پھریں گے، اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری شازیہ سہیل میر، حاجی ریاض پونیا، حاجی احمد، شیخ فیاض، شیخ شاہد فیاض، میر مظہر بشیر، شعیب بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔
25 جولائی کو شیر دھاڑے گا تو پتہ چلے گا گدھا کون ہے: حمزہ شہباز
Jul 20, 2018