بیجنگ(آئی این پی)پاکستان میں انتخابات کے بعد چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) پر عمل درآمد کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، پوری پاکستانی قوم سی پیک کی مسلسل حمایت کر رہی اور انتخابات کے بعد بھی یہ منظر مثبت دیکھائی دیتا ہے، سی پیک آنے والی حکومت کی بھی ترجیح رہے گی۔ان خیالات کا اظہار چین کے معروف اخبار چائنہ ڈیلی نے اپنی ایک تازہ ترین رپورٹ میں کیا ۔اخبار لکھتا ہے کہ سی پیک پاکستان کا ایک اہم فیصلہ ہے پاکستان کے 22کروڑ عوام سی پیک کی مکمل حمایت کرتے ہیں پاکستانی ادارے خاص طور پر پاکستانی فوج اس کی نگران ہے،سی پیک کے منصوبے بین الاقوامی ذمہ داری اور پاکستان کا اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا ریکارڈ بہت اچھا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہے۔تاہم سی پیک دوطرفہ فریم ورک کے تحت رضامندی سے شروع کیا گیا اور یہ چین اور پاکستان دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہے یہ مساوی فوائد کی ایک مکمل مثال ہے سی پیک کے تحت تمام منصوبے پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہیں اور ان سے پاکستان کی معیشت کو فروغ حاصل ہو گا، روزگار سلامتی کے حسین مواقع پیدا ہوں گے،سی پیک پر تمام چھوٹی اور بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان مکمل اتفاق رائے موجود ہے کہ اصولی طور پر سی پیک کی حمایت کی جائیگی۔جبکہ پاکستان کے عوام بجلی کی فراہمی میں اضافے کی صورت میں پہلے ہی سی پیک کے فوائد سے مستفید ہو رہے ہیں۔اخبار مزید لکھتا ہے سی پیک سے پہلے بجلی کی کمی سے پورا ملک بری طرح متاثر ہو رہا تھا اور پاکستان کی صنعتیں کاروباری دنیا میں مقابلہ نہیں کر پا رہی،بنیادی ڈھانچے کی بہتری نے پاکستان کی عوام کیلئے سفر اور رابطے آسان کر دیئے ہیں جبکہ سی پیک سے قبل بنیادی ڈھانچہ فرسودہ اور پرانا ہو گیا تھا،خصوصاً پاکستان میں سامراجی دور کا ریلوے نظام موجود تھا جو برطانیہ نے شروع کیا تھا۔مگر اب پاکستانی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہو چکے ہیں،نئے کاروبار شروع ہو رہے ہیں اور لامحدود مواقع دستیاب ہیں، سب سے بڑھ کر یہ کہ چین اور پاکستان کے تعلقات اس قدر مضبوط ہیں کہ حکومتوں کی تبدیلی دو آئرن برادرز پر کبھی بھی اثر انداز نہیں ہوئی،حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ چھ دہائیوں کے دوران دونوں ممالک میں مختلف حکومتیں برسراقتدار آئی ہیں،لیکن قیادت کی تبدیلی کے باوجود چین اور پاکستان کے تعلقات کبھی متاثر نہیں ہوئے دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی گئی ہے۔