نگران حکومت گستاخانہ خاکوں کی نمائش روکنے میں کردار ادا کرے: ساجد میر

Jul 20, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہالینڈ کی پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان پر عمل درآمد روکنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر کے امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرے۔ سینٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس قبیح فعل کے اعلان کی مذمت میں متفقہ قرارداد پاس کی جائے۔ پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ ہالینڈ کی اسلام دشمن سیاسی جماعت ’’فریڈم پارٹی‘‘کے سربراہ ملعون 'گیرٹ ولڈرز' نے ایک بار پھر دنیا کا امن داؤ پر لگاتے ہوئے نبی پاک کی شان اقدس کے خلاف خاکوں کی نمائش کا مقابلہ کروانے کا اعلان کیا جو کہ سراسر توہین رسالت ہے اور توہین سب سے بڑی دہشت گردی ہے عالمی دنیا اس دہشت گردی کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیرٹ ورلڈ کی جانب سے ہرزہ سرائی سے پوری دْنیا کا امن خطرے میں پڑچکا ہے۔ اِس لیے گیرٹ ورلڈ نامی ملعون کو اِس شیطانی کھیل سے روکا جائے۔ دریں اثنا انہوں نے بلو رخاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہارون بلور کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔

مزیدخبریں