غذر (صباح نیوز)گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے بالائی گائوں بدسوات میں گلیشیئرپگھلنے کا سلسلہ جاری ہے، لینڈ سلائیڈنگ اور دریائی کٹائو سے 30سے زائد گھر ڈوب گئے، جبکہ 10سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث ڈھائی ہزار سے زائد پھنسے ہوئے افراد امداد کے منتظر ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع غذرمیں چوبیس گھنٹوں سے زائد گزرنے کے باجود گلیشیئر ٹوٹنے اور لینڈسلائیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بدسوات، بلہز سمیت نشیبی علاقوں میں دریائے ایمت میں کٹائو کا سلسلہ بھی جاری ہے،اب تک 30سے زائد گھر، دکانیں، فصلیں، درخت اور مویشی پانی میں ڈوب چکے ہیں،گائوں بدسوات میں مصنوعی جھیل بننے سے 10 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور ڈھائی ہزار کے قریب لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں مضر صحت پانی کے استعمال سے پیٹ اور آنکھوں کی بیماریاں پھیلنا شروع ہوگئیں۔