اسلام آباد: الیکشن 2018 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، انتخابی میدان سجنے سے قبل سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی جیت کے دعوے کر دیئے۔ پولنگ ڈے میں صرف 5 دن باقی رہ گئے۔
ادھر الیکشن قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں نے بھی انتخابی مہم تیز کر دی، پاکستان تحریک انصاف آج ملتان میں قلعہ کہنہ قاسم باغ پر پاور شو کرے گی، جلسہ سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے، قلعہ کہنہ قاسم پر جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔جلسہ گاہ کے اطراف میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے. جلسہ گاہ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں عمران خان کے خطاب کیلئے 15 فٹ اونچا اور 50 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔
انتخابی مہم کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج سوات اور فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے جب کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ملتان اور بہاولپور میں عوامی طاقت دکھائیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی میں ایئر پورٹ، اسٹار گیٹ اور گلستان سوسائٹی میں کارکنان کا لہو گرمائیں گے۔
متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان ٹانک اور لکی مروت میں جلسے سے خطاب کریں گے اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدرآباد کے علاقے پکا قلعہ میں عوام کو ووٹ کے لیے قائل کرے گی۔