فخر زمان ڈبل سینچری بنانیوالے پہلے پاکستانی، زمبابوے کو 400 کا ہدف

بلاوایو:  فخر پاکستان فخر زمان نے سر فخر سے بلند کر دیا، ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے قومی بلے باز بن گئے، 210 پر ناقابلِ شکست، اوپنرز نے بھی تاریخ رقم کر دی، 304 رنز کی شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ، چوتھے ون ڈے میں زمبابوے کو جیت کیلئے 400 کا ٹارگٹ دے دیا۔پاکستان نے ون ڈے میں سب سے زیادہ مجموعی سکور کا نیا قومی ریکارڈ بنا دیا۔ پاکستانی ٹیم نے یہ ریکارڈ زمبابوے کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں فخر زمان کی ڈبل سنچری کی بدولت بنایا۔ فخر زمان نے 210 رنز کی تاریخ ساز اننگز کھیلتے ہوئے قومی لیجنڈ پلیئر سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا جو انہوں نے روایتی حریف بھارت کیخلاف بنایا تھا۔ فخر زمان نے یہ ڈبل سنچری 23 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔ فخر زمان ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ہزار رنز سے صرف 20 رنز کی دوری پر ہیں۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے 2010ء میں بنگلا دیش کے خلاف 385 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور 304 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ یہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ کے لیے بہترین اور ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی چوتھی سب سے بڑی شراکت ہے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 304 کے سکور پر گری جب امام الحق آٹھ چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی فخر زمان نے اپنی دھواں دھار بلے باری جاری رکھی۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے آصف علی نے صرف 22 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے اپ نی نصف سینچری مکمل کی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

چوتھے میچ کے لیے پاکستان نے وہی ٹیم میدان میں اتارتی جس نے تیسرا میچ کھیلا تھا جبکہ زمبابوے نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ پرنس مسوئر اور چیمو چبھابھا کی جگہ تناشے کمنہوکموے اور ڈونلڈ ٹریپینو کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔ پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 201 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ای پیپر دی نیشن