مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ پنکچر ہو گیا‘ یہ ہمیشہ خواص کی جماعت رہی: فردوس عاشق

Jul 20, 2019

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)سیاسی منافقت کا شکار ہے، تضادات سے بھر پور دعووں والی جماعت کا بیانیہ پنکچر ہو چکا ،بیگم صفدر صاحبہ!آپ اور آپ کی جماعت کی تاریخ سمجھوتوں سے عبارت ہے، مسلم لیگ( ن) کبھی بھی عوام کی نہیں خواص کی جماعت رہی، جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا تب گھونپاگیا جب آپ کے بڑوں نے یونس حبیب سے پیسے لے کر آئی جے آئی بنائی،مریم صفدر صاحبہ اگر آپ نے الٹے سیدھے انٹرویوز اور بیانات نہ دئیے ہوتے تو آج آپ کے ابو جیل میں اور بھائی مفرور نہ ہوتے،جمہوریت کو لہو لہان کرنے کا سہرا ہمیشہ آپ کے سر رہا ،ورثے میں ملی حیثیت عوامی رنگ اور طاقت سے محروم ہوتی ہے، دراصل ملک میں پہلی بار انہونیاں ہو رہی ہیں،لوٹے ہوئے مال کی واپسی کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔ جمعہ کو مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کی میڈیا سے گفتگوپر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میںوزیر اعظم کی معان خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)سیاسی منافقت کا شکار ہے، بوکھلاہٹ اور افراتفری کے عالم میں ہیں ،انہیں کچھ سمجھ نہیں آ رہا کیا کہیںاور کیا نہ کہیں،ایک طرف کہتے ہیں کہ وزیراعظم کی حیثیت کیا ہے؟ دوسری طرف واویلا مچارہے ہیں کہ سب کچھ عمران خان کروا رہے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تضادات سے بھر پور دعووں والی جماعت کا بیانیہ پنکچر ہو چکا ہے،بیگم صفدر صاحبہ!آپ اور آپ کی جماعت کی تاریخ سمجھوتوں سے عبارت ہے،وہ سمجھوتے چاہے ذاتی ہوں یا سیاسی،تاریخی سمجھوتوں کا شکار خاندان کس منہ سے اصولوں کی بات کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کبھی بھی عوام کی نہیں خواص کی جماعت رہی ۔ مزاحمت اور اصول پسندی آپ کے خمیر میں ہی نہیں، آپ حکومت میں ہو ں تو لوگوں کے گلے پکڑتے ہیں اور اقتدار سے باہر ہوں تو پائوں پڑ جاتے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا تب گھونپاگیا جب آپ کے بڑوں نے یونس حبیب سے پیسے لے کر آئی جے آئی بنائی،اپنے کارکنوں اور عوام کو بے آسرا چھوڑ کر صندوقوں سمیت سرور پیلس میں سرور کرنے والوں کے منہ سے جمہوریت اور اصول پسندی کی بات مضحکہ خیز ہے،پرنس مقرن کا لہرایاہوا معاہدہ ابھی بھی عوام کے ذہنوں میں تازہ ہے۔آپ نے اپنے دور اقتدار میں ہر قدم پر سمجھوتے کیے،چاہے مشاہد اللہ خان کا استفعیٰ ہو یا پرویز رشیدکا،بیگم صفدر اعوان صاحبہ!بے گناہی کے ثبوت عدالت میں پیش کریں انہیں بلیک میل کرنے کی کو شش نہ کریں،آپ کے ہاں جسٹس قیوم کی عدالت ہی معتبر ہے یا بریف کیس اٹھانے والے رفیق تارڑ ہی معزز ٹھہرائے جاتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کمرشل فلائٹ سے حقیقی عوامی وزیر اعظم کی روانگی مغلیہ طرز حکمرانی کرنے والوں کے لیے ایک مثال ہے، ظل سبحانی، راج کماری درباریوں کا جہاز بھر کر دوروں پر جایا کرتے تھے، وزیر اعظم عمران خان مختصر وفد ساتھ لے کر امریکا جا رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معاون خصوصی نے کہا ظلِ سبحانی راجکماری اور کرپشن کے ولی عہد سمیت درباریوں کا جہاز بھر کردوروں پر جایا کرتے تھے۔وزیراعظم عمران خان دورے سے متعلقہ لوگوں کا مختصر وفدساتھ لے کر امریکہ جا رہے ہیں۔یہ ہوتاہے دونوں قیادتوں اور ان کی سوچ کا فرق ۔ انہوںنے کہا وزیراعظم پاکستان کے عوام کی امنگوں کا عملی اظہار ہیں۔عوامی وزیراعظم عوام کا احساس کرتے ہوئے عوامی انداز میں عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے امریکہ روانہ ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں