سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد، خصوصی کمیٹی نے پی ٹی اے، ایف آئی اے سے جواب طلب کر لیا

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے فروغ قومی یکجہتی نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی اشاعت کا سخت نوٹس لیا ہے اوراسکی روک تھام کیلئے پاکستان ٹیلی کمیو نی کیشن اتھارٹی، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو طلب کر لیا ہے کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پی ٹی ایم سے مذاکرات اور گفت وشنید کا عمل جاری رکھاجائے گا۔
جمعہ کو اجلاس چیئرمین سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔کمیٹی نے سوشل میڈیا اور مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر نبی کریم ؐ،صحابہ کرام ؓکی شان اور دیگر الہامی مذاہب کے بارے میں گستاخانہ مواد کی اشاعت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کوئی بھی مذہب یا عقیدہ اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔کمیٹی چیئرمین سینیٹر برسٹرسیف نے پی ٹی ایم، وزیرستان قومی جرگے کے نمائندوں سے مذاکرات اور اب تک کی ہونے والی پیش رفت بارے میں کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔ سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کمیٹی کو اس بات پر شدید تشویش ہے کہ اس طرح کے واقعات زور پکڑ رہے ہیں اور اس سلسلے میں مناسب پالیسی کا ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو طلب کر لیا ہے تاکہ ایسی ویب سائٹس کو بلاک کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن