فیروز والہ، ڈسکہ، وہاڑی، عارفوالہ میں حادثات 8 افراد جاں بحق

Jul 20, 2019

فیروز والہ، ستراہ، ڈسکہ، پاکپتن، عارفوالہ، وہاڑی (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران گزشتہ روز کمسن بہن بھائی، دس سالہ لڑکی سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے تفصیلات کے مطابق عارفوالہ کے علاقہ 149 ای بی کے قریب تیز رفتار ڈالے نے کمسن بہن بھائی آٹھ سالہ عاصمہ اور پانچ سالہ حسنین کو کچل دیا دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ڈالہ پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ اس طرح وہاڑی میں ملتان روڈ پر اڈہ چئی پلی کے قریب کیری ڈبہ اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے باعث دس سالہ بچی سمیت دو افراد جاں بحق تین زخمی ہو گئے ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی منتقل کر دیا جبکہ ڈسکہ کے نواحی موضع وٹالیاں کا مظہر اہر محلہ راجپوتاں کے آفاق اور بلال موٹرسائیکل پر سوار ایم آباد روڈ کی طرف جا رہے تھے کہ موضع واہلہ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں آفاق اور بلال موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے مظہر معجزانہ طور پر محفوظ رہا جبکہ لاہور میں موٹرسائیکل سوار دو دوستوں میں آئل ٹینکر نے روند دیا ۔ فیکٹری ملازم نوجوان دوست 23 سالہ محمد عامر اور 22 سالہ محمد عمران موٹرسائیکل پر فاروق آباد سے شیخوپورہ کی طرف آ رہے تھے ماچھیکے سٹاپ کے قریب سامنے سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر نے ٹکر مار دی جس کے باعث محمد عامر موقع پر جاں بحق جبکہ محمد عمران لاہور ہسپتال میں دم توڑ گیا صدر پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا حادثہ کے بعد ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

مزیدخبریں