لندن(این این آئی)برطانیہ نے اہم آبی گذرگاہ آبنائے ہْرمز میں اپنے مال بردار جہازوں کے تحفظ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اس تشویش کے اظہار میں حق بجانب ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر دفاع پینی مورڈونٹ نے بحری افواج کی تعیناتی کے بارے میں ایک دفاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہ ہمیں آبنائے ہْرمز میں اپنی (تجارتی) اشیاء کے تحفظ پر درست طور پر تشویش لاحق ہے۔پینی مورڈونٹ سے جب خلیج میں تیسرے جنگی بحری جہاز کو بھیجنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ برطانیہ کو ہمیشہ سے خلیج اور دنیا کے دوسرے علاقوں میں اپنے مفادات کے بارے میں تشویش لاحق رہی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اہم بات یہ ہے کہ ہم ایران کو ایک بہت واضح پیغام دیں اور وہ یہ کہ وہ موجودہ صورت حال سے پیچھے قدم ہٹائے اور کشیدگی میں کمی کرے لیکن ہم ہمیشہ سے علاقے میں جہازرانی اور اشیاء کی آزادانہ نقل وحمل کا تحفظ کرتے چلے آرہے ہیں اور آیندہ بھی اس کا تحفظ کریں گے۔