کرونا وائرس پر قابو پا لیا، ظفر مرزا: مزید 38 اموات، 75 فیصد مریض شفایاب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘خصوصی نمائندہ‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا کے گزشتہ کئی روز سے یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد کم ہوئی ہے۔ جبکہ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ بھر پور کوششوں کے نتیجے میں حکومت نے کرونا وائرس پر قابو پا لیا۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 64 ہزار 581 اور اموات 5 ہزار 591 ہوگئیں جبکہ 2 لاکھ 4 ہزار 276 افراد صحتیاب ہوگئے۔ وائرس کے مزید 1547 نئے کیسز رپورٹ اور 38 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 5 ہزار 767 افراد شفایاب ہوگئے۔ اب تک 75 فیصد سے زائد مریض مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 889 نئے کیسز اور 19 اموات کا اضافہ ہوا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 ہزار 977 ٹیسٹ کیے گئے، کیسز کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 7 ہوگئی۔ مجموعی اموات ایک ہزار 993 تک پہنچ گئیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد کافی کم ہوگئی اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 328 نئے کیسز اور 12 اموات رپورٹ ہوئیں۔ کیسز کی مجموعی تعداد 89 ہزار 793 تک پہنچ گئی۔ مجموعی اموات 2 ہزار 79 تک جاپہنچیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 72 افراد کو متاثر کیا۔ کیسز کی تعداد 14 ہزار 576 تک پہنچ گئی۔بلوچستان میں کورونا وائرس سے مزید 12 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک شہری لقمہ اجل بن گیا۔محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے کیسز کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 11 ہزار 436 ہوگئی ہے۔بلوچستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 132 ہوچکی ہے۔ آزاد کشمیر میں اب کیسز میں کچھ اضافہ دیکھا جارہا ہے، مزید 48 افراد متاثر جبکہ ایک اور فرد زندگی کی بازی ہار گیا۔ مجموعی کیسز ایک ہزار 8 سو 88 تک پہنچ گئے۔ اموات کی تعداد 47 تک پہنچ گئی۔ گلگت بلتستان میں مزید 11 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 افرد جان کی بازی ہار گئے۔ مصدقہ کیسز کی تعداد ایک ہزار 807 ہوگئی۔ مجموعی اموات 41 تک جاپہنچیں۔ خبیر پختونخوا میں 196 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبے میں 3 اموات ہوئیں، ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 142 ہوگئی ہے۔ کیسز کی مجموعی تعداد 32 ہزار 86 تک پہنچ گئی۔ خیبرپختونخوا میں 25 ہزار 6 افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے جبکہ 5 ہزار 938 فعال کیسز ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 5 ہزار 767 افراد ایسے تھے جو وائرس سے مکمل صحتیاب ہوگئے۔اس نئی تعداد کے بعد ملک بھر میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 276 تک پہنچ گئی۔صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں حفظان صحت کے بنیادی مراکز کے ذریعے صحت کی یکساں سہولیات کی فراہمی کے نظام میں بنیادی اصلاحات متعارف کرانے کے لئے پْرعزم ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور بھرپور کوششوں کے نتیجے میں حکومت نے بروقت فیصلوں، سمارٹ لاک ڈاؤن، کورنٹائن کی حکمت عملی، تشخیصی ٹیسٹ اور قواعد وضوابط پر عملدرآمد کے ذریعے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پا لیا ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ آج ملک میں صحت کے شعبے میں درپیش مسائل ماضی کی تمام حکومتوں کی اجتماعی ناکامی کا نتیجہ ہے جنہوں نے عوام کے لئے صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی کو ہرگز ترجیح نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے بھرپور کوششوں کی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہے۔ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے پاکستان کی تیاری اور حکمت عملی کا دنی امیں اس سلسلے میں اختیارکئے گئے بہترین احتیاطی اقدامات میں شمار ہوتا ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ حکومت سرکاری شعبے کے ہسپتالوں کی نجکاری کر رہی ہے اور کہا کہ ہم ان ہسپتالوں کو خود مختار بنا رہے ہیں۔
اسلام آباد + لندن + بیجنگ (شنہوا + نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) کرونا وائرس کے باعث دنیا میں6 لاکھ4 ہزار917 اموات ہو چکی ہیں اور متاثرین کی تعداد 1 کروڑ 44 لاکھ 25 ہزار865 ہو گئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد38 لاکھ 33ہزار سے زائد ہوگئی اور وہاں اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ42 ہزار 877 تک پہنچ چکی ہے۔ برازیل میں20 لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور 78 ہزار 817اموات ہوئی ہیں۔ بھارت کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 77 ہزار سے زائد ہے اور 26 ہزار 826 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ روس میں کرونا سے 7 لاکھ 65 ہزار 437 افراد متاثر ہیں اور اموات 12 ہزار 247 ہو گئی۔ جنوبی افریقہ میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار945 ہو گئی ہے جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار 879 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ پیرو میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار998ہو گئی ہے۔ میکسیکو میں 38 ہزار 888 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کرونا وائرس سے چلی میں تین لاکھ 28 ہزارسے زائد افراد متاثر ہیں اور 8 ہزار 445 جاں بحق ہوچکے ہیں۔ سپین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار420 ہوگئی مجموعی کیسز تین لاکھ 7 ہزار سے زائد ہے۔ برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 45 ہزار 273 ہو گئی ہے جبکہ 2 لاکھ 94 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔ ایران میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 71 ہزار606 ہوگئی ہے اور13ہزار979 متاثر ہیں۔دنیا بھر میں86 لاکھ42 ہزار 192 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں ایک روز میں کرونا کے 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کئے گئے جوکہ اب کی ایک روز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق جب سے کرونا کی وباء پھیلی ہے‘ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کرونا کے کیسز کی تعداد اڑھائی لاکھ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ کیسز امریکہ‘ برازیل‘ بھارت اور جنوبی افریقہ میں ریکارڈ کئے گئے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق 10 مئی کے بعد سے اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ 7360 ہلاکتیں بھی ریکارڈ کی گئیں۔ امریکہ میں ان ریاستوں میں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جوکہ لاک ڈائون کے حوالے سے غیر سنجیدہ تھیں یا وہاں ماسک پہننے کو اہمیت نہیں دی گئی۔ جنوبی افریقہ پورے افریقی خطے میں سب سے زیادہ کیسز والا ملک بن گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق جب سے کرونا کی وباء پھیلی ہے پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کیسز کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ کیسز امریکہ‘ برازیل‘ بھارت اور جنوبی افریقہ میں ریکارڈ کئے گئے۔ چین کے قومی صحت کمیشن نے کہاہے کہ چینی مین لینڈ پر ہفتہ کے روز نوول کروناوائرس کے 16نئے مصدقہ کیسز کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 13مقامی سطح پر ترسیل کے ہیں۔ تمام کیسز شمال مغربی چین کے سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقہ میں سامنے آئے کمیشن کے مطابق ہفتہ کے روز اس بیماری کی وجہ سے کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ہفتہ کے روز17افراد کو صحت یاب ہونے پر ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا جبکہ شنگھائی میں 1 نیا مشتبہ کیس سامنے آیا۔ہفتہ کے روزتک مین لینڈ پر کل مصدقہ کیسز کی تعداد83ہزار 660 تک پہنچ گئی۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی ایک اور لہر کے نتیجے میں ملک گیر سطح پر دوسرا لاک ڈاؤن نہیں نافذ کرنا چاہتے۔ سنڈے ٹیلی گراف سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ملک میں ایک اور شٹ ڈاؤن جوہری روک تھام‘ جیسے آپشن جیسا ہو گا۔ ہانگ کانگ کی لیڈر کیری لیم نے کہا ہے کہ ابھی یہاں وائرس کنٹرول میں نہیں۔ ان کا یہ بیان اتوار کو 100 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتی ہوں کہ صورتحال واقعی تشویشناک ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ہزاروں افراد نے کرونا وائرس کے خاتمے کے لئے تجرباتی ویکسین لگوانے کے لئے اپنا نام رجسٹرڈ کروایا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 جولائی کو ابوظہبی میں محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ دوبئی اور العین کے تقریباً 5000 رہائشیوں نے اماراتی ویب سائٹ پر کووڈ ویکسین کے حوالے سے رجسٹریشن اوپن ہونے کے بعد 24 گھنٹوں کے دوران رجسٹریشن کروائی۔ بتایا گیا ہے کہ رضاکارانہ طور پر اس تجرباتی ویکسین کو لگوانے کے لئے رجسٹر ہونے والوں کو پہلی ڈوز دے دی گئی ہے۔ جرمنی میں کرونا وائرس کے نئے کیسوں میں کمی نوٹ کی جا رہی ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کی دو سو دو نئے کیس نوٹ کئے گئے۔ آسٹریلیا کے دوسرے سب سے گنجان آباد شہر میلبورن میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ہر کسی کے لئے حفاظتی ماسک لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ ریاست وکٹوریہ کے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ میلبورن کے رہائشی اپنے گھروں میں ہی رہیں اور صرف کسی بہت ضروری کام کے لئے ہی باہر نکلیں۔

ای پیپر دی نیشن