صفیہ قریشی
کھاناہم منہ کے ذریعے دانتوں سے چبا کرکھاتے ہیں۔ کھانے پینے کی ہر چیزسب سے پہلے زبان پر رکھتے ہیں لیکن ـ زبان ــــکبھی دانتوںمیں آکر کٹ جائے یا آپ غلطی سے گرم چیز کھا یا پی لیں تو زبان میں تکلیف ہوتی ہے جس کی وجہ سے آپ کھا پی نہیں سکتے ۔ اسی لئے آپ بہت زیادہ گرم چیزیں کھانے سے احتیاط کرتے ہیں تاکہ آپ کی زبان کو تکلیف نہ پہنچے ۔ دانت غذا کو چباتے ہیں ‘منہ اور معدے سے نکلنے والا لعاب غذا کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے اور ہضم ہونے والی غذا ہمارے خون کا حصّہ بن جاتی ہے لیکن زبان خراب ہونے کی صورت میںغذا صحیح طرح نہیں کھائی جاتی جس سے جسم میں خون کی کمی ہوجاتی ہے اور انسان کمزوری محسوس کرتاہے ‘ا س لئے اپنے منہ ، زبان اور دانتوں کی حفاظت کرنی بہت ضروری ہے۔
نماز ادا کرنے کے لئے وضو کرمیں تین مرتبہ کلی کرنے سے منہ صاف ہوجاتا ہے۔ پھر ناشتہ کرکے مسواک یا برش کرتے ہیں جس سے دانت صاف ہوجاتے ہیں۔ منہ اور دانتوں کی صفائی اور صاف چیزیں کھاناصحت کے لئے بہت ضروری ہے ۔بعض بچے اور بڑے گھر کھانے پینے کی مضر صحت چیزیں مثلاًپان، گٹکے ، رنگ برنگی سونف، سپار ی اور چھالیہ وغیرہ کھاتے ہیں اور رفتہ رفتہ ان کے عادی ہوجاتے ہیں جس سے نہ صرف دانت خراب ہوتے ہیں بلکہ ان چیزوں میں شامل نقصان دہ اور زہر آلود اجزاء سے زبان او رمنہ کا کینسر بھی ہوجاتاہے ۔ مضر صحت یہ چیزیں کھانے والے کئی بچے اور بڑے کینسر میں مبتلا ہوکر اس وقت مختلف اسپتالوںمیں زیر علاج ہیں اور کئی موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ ا س وقت ہمارے ہاں مختلف کمپنیاں پیسے کمانے کے لئے مختلف ناموں سے مختلف اقسام کی رنگ برنگی خوشبودار چھالیہ، سونف سپاریاں ، ٹافیاں،گٹکے او راسی طرح کی دوسری زہرآلود چیزیں تیار کررہی ہیں‘ انہیں پر کشش بنانے کیلئے خوبصورت چمک دار ریپرز میں بندکیا جاتاہے اور ٹیلی ویژن پر ان کے اشتہار چلائے جاتے ہیں۔ بچے اور بڑے ان اشتہاروںسے متاثر ہو کر یہ چیزیں خرید کر کھاتے ہیں جس کے باعث رفتہ رفتہ ان کامنہ اورزبان خراب ہونا شروع ہوجاتی ہے اوربروقت علاج نہ کرانے سے منہ اورزبان کا کینسر ہوجاتا ہے جو موت کے منہ میں لے جاتا ہے۔
چھالیہ ، سونف، سپاری، گٹکے ، مین پوری وغیرہ انتہائی مضر طریقے سے تیار کی جاتی ہیں‘ ان میں سڑی ہوئی چھالیہ، کتھا، چونا، غیر معیاری اور پرانا گڑ، چھپکلی کی کھال، مضر صحت رنگ، افیون، چینی کی جگہ سکرین، گوند ، تیز خوشبو اور اس طرح کی کئی دوسری نقصان دہ ‘زہر آلود او رجان لیوا اشیا ء کا استعمال کیا جاتا ہے ۔جو لوگ یہ چیزیں کھانے کے عادی ہوجاتے ہیں چند دنوںتک تو انہیں کچھ محسوس نہیں ہوتا لیکن یہ چیزیں مستقل کھانے سے ان میں موجود تمام مضر صحت اشیاء منہ کو خراب کرنا شروع کردیتی ہیں۔ پہلے منہ اندر سے سفید ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ مسوڑھے پھولنے لگتے ہیں اور رفتہ رفتہ زبان پر چھالے اور زخم ہو جاتے ہیں۔بر وقت علاج نہ کرنے سے یہ کینسر کا باعث بن جاتے ہیں۔جو بالآخر موت کے منہ میں لے جاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ زندگی عطا کی ہے اسے صحت اور ایمان کے ساتھ گزارنا ضروری ہے ۔ مائیں بچوں کو اسکول کے لئے گھر سے لنچ بنا کر دیا کریں۔بازار کی مضر صحت اور نقصان دہ چیزیںکھانے پینے سے صحت متاثر ہوتی ہے ۔اسی طرح ملازمت کرنے والے مرد اور خواتین گھر سے کھانا لانے کی بجائے بازار کی چیزیں کھاتے ہیں ۔ جو حفظان صحت کے اصولوں کو مد نظر رکھ کر تیار نہیں کی جاتیں۔ یہ صحت خصوصاً معدے اور جگر کے لئے نقصان دہ ہوتی ہیں۔ گھر کا کھانا کھانے سے آپ کی صحت محفوظ رہے گی ۔بعض لوگ کھانے کے بعد پان کھانے کے عادی ہوتے ہیں۔یہ بھی مضر صحت عادت ہے ۔ لہٰذا آج سے آپ اپنے آپ سے عہد کریں کہ پان، سونف، سپاری ، گٹکے سمیت ایسی کوئی چیز نہیں کھائیں گے جو آپ کی صحت کے لیئے نقصان دہ ہو ۔بہت سے بچے گھر والوںسے چھپ کر یہ چیزیں کھاتے ہیںبلکہ بہت سے بچے تو گھر والوں سے چھپ کر سگریٹ نوشی بھی کرتے ہیں۔سگریٹ نوشی سے پھیپھڑے خراب ہوتے ہیں او رپھیپھڑوں کاکینسر ہوجاتاہے لہٰذا آپ اس بری عادت سے بھی بچنے کی کوشش کریں۔