ڈبلیو ٹی اے ٹور پالرمو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 3 اگست سے شروع ہوگا

Jul 20, 2020

روم(وائس آف ایشیا ) ڈبلیو ٹی اے پالرمو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 26 واں ایڈیشن 3 اگست سے اٹلی میں شروع ہوگا۔ رواں سال مارچ میں پیشہ ورانہ ٹینس ایونٹس معطل ہونے کے بعد 3 اگست سے اٹلی میں شروع ہونے والا کلے کورٹ ٹورنامنٹ ٹاپ لیول ٹینس کی واپسی کی نشاندہی کرتا ہے۔ پالرمو خواتین کا ٹینس ٹورنامنٹ ہے جو کنٹری ٹائم کلب میں بیرونی مٹی کی کورٹ پر کھیلا جاتا ہے۔ڈبلیو ٹی اے پالرمو ٹینس ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کی ٹاپ 20 کھلاڑیوں میں سے پانچ اس میں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں جس میں دنیائے ٹینس کی نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں میں سوئٹزرلینڈ کی جل بیلن ٹیچ مین اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔برطانوی ٹینس سٹار جوہانا کونٹا نے اگست میں ڈبلیو ٹی اے ٹور دوبارہ شروع ہونے پر ابتدائی پالرمو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ پالرمو ایونٹ کا آغاز 1988ء میں ہوا، ایونٹ کے پہلے دو ایڈیشن سیٹلائٹ سرکٹ کا حصہ تھے جس کے بعد 1990ء کے بعد سے یہ ڈبلیو ٹی اے ٹور کا حصہ بنا تھا۔ ٹورنامنٹ کے لئے 2 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالرز کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ 3 اگست سے شروع ہوکر سات روز جاری رہنے کے بعد 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگا۔

مزیدخبریں