بیروت (صباح نیوز)لبنان میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے وفد نے جمہوریہ لبنان کے مفتی اعظم ڈاکٹر عبداللطیف دریان سے ملاقات کی، فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے لبنان میں مندوب ڈاکٹر احمد عبدالھادی کی قیادت میں ایک وفد نے مفتی اعظم لبنان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ڈاکٹر عبدالھادی نے مفتی جمہوریہ لبنان سے ملاقات میں قضیہ فلسطین کی تازہ صورت حال اور لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کی مشکلات پر بریفنگ دی۔حماس ر ہنما نے کہا کہ موجودہ حالات میں قضیہ فلسطین کے خلاف خطرناک نوعیت کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ قضیہ فلسطین کا وجود ختم کرنے اور فلسطینی قوم کا مستقبل تباہ کرنے کی سازشیں تیار کی جاری ہیں۔ ان سازشوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تیار کردہ سنچری ڈیل منصوبہ اور غرب اردن اردن کے اسرائیل سے الحاق کی سکیمیں شامل ہیں۔اس موقع پر لبنان کے مفتی اعظم نے فلسطینی قوم کے حقوق کی بھرپور حمایت اور تائید کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی قیادت اور قوم فلسطینی کاز کی ہمیشہ حمایت جاری رکھے گی ۔