وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات

Jul 20, 2020

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے گزشتہ روز جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی جانب سے نہتے معصوم لوگوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی جماعت کی کشمیراور تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے خدمات کسی سے دھکی چھپی نہیں۔ مولانا پاکستان اور عالم اسلام کی ایک توانا آواز ہیں ہم یہ یقین رکھتے ہیں یہ آواز کشمیر یوں کے حق میں ہمیشہ گونجتی رہے گی۔پاکستان کے اندر موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ساری سیاسی جماعتیں اور پاکستانی عوام ایک ہوں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر میں جتنے پاکستان کے جھنڈے لگے ہیں وہ گزشتہ 72سالوں میں پاکستان میں بھی شاید اس دلچسپی سے نہ لگے ہوں۔ ہم یہ توقع رکھتے ہیں کہ مولانا کی زور دار آواز پوری دنیا تک کشمیر یوں کے حق میں جائے گی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس جرات اور دلیری سے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کشمیریوں کا مقدمہ ملکی و عالمی فورم پر پیش کیا اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔راجہ فاروق حیدر کی سیاسی و مذہبی خدمات لائق تحسین ہے۔اس موقع پر جمعیت علما اسلام آزاد کشمیر کے سربراہ مولانا سعید یوسف بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ بھی دیا۔

مزیدخبریں