دوہری شہریت کے حامل وفاقی وزراء سنگین معاملہ: مرتضی وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی کابینہ میں دوہری شہریت کے ارکان کے معاملے پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں دوہری شہریت کے حامل افراد کی موجودگی سیکورٹی رسک ہے۔ نیا پاکستان بنانے والوں نے بیرون ملک سے کنسلٹنٹس کو درآمد کرکے انہیں کابینہ میں شامل کیا ہے وزیراعظم نیازی نے ہر ایشو کی طرح اس معاملے پر بھی یوٹرن لیا۔ آئین پاکستان دوہری شہریت کے حامل افراد کو کابینہ میں شمولیت اور نہ ہی پارلیمان کا رکن بننے کی اجازت دیتا ہے لیکن نیازی صاحب نے آئین پاکستان کو بالائے طاق رکھ کر اپنی کچن کابینہ میں غیر ملکی شہریت رکھنے والے افراد کو شامل کیا نجانے سلیکٹیڈ حکومت کی ایسی کونسی مجبوری تھی جو ایسے نااہل اور دوہری شہریت کے حامل افراد کا و وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا۔ وفاقی کابینہ میں قومی نوعیت کے حساس فیصلوں میں غیر ملکی شہریت کے حامل افراد کی موجودگی سنگین معاملہ ہے جسکا نوٹس لیا جانا چاہئیے عمران خان خود کہا کرتے تھے کہ دوہری شہریت کا مطلب حلف وفاداری اسی ملک کیساتھ ہے جسکی فرد شہریت رکھتا ہے اپنے دور اقتدار میں خان صاحب سب کچھ بھول گئے جو انہوں نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے اعلانات اور دعوے کئے تھے انہوں نے کہا دوہری شہریت والوں کو وفاقی کابینہ میں شامل کرکے عمران خان جرم کے مرتکب ہوئے ہیں بیرسٹر مرتضی وہاب نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کو پاکستان میں قابل لوگ نہیں ملے جو دوہری شہریت والوں کو اپنا معاون بنایا؟

ای پیپر دی نیشن