اسلام آباد: معید یوسف اور شہباز گل نے کہا ہے ان کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی ملک کی شہریت نہیں، زلفی بخاری کہتے ہیں نواز شریف سمیت لیگی رہنما اقامہ ہولڈر ہیں، الزام لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، ندیم افضل چن بولے، ان کے پاس شہریت نہیں پی آر کارڈ ہے۔
دہری شہریت اور غیرملکی قیمتی جائیدادوں کا معاملہ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور مشیر وضاحت دینے سامنے آ گئے، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت سے انکار کر دیا۔
وضاحتی بیان میں کہا وہ پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد امریکا گئے ہی نہیں، شہریت سے متعلق غلط فہمی پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا بیرون ملک ان کی ملکیت اربوں یا لاکھوں کی کوئی پراپرٹی بھی نہیں ہے۔
زلفی بخاری اپوزیشن پر برس پڑے اورالزام لگایا کہ نوازشریف سمیت کئی لیگی رہنما اقامہ ہولڈر ہیں، سیاسی دروغ گوئی کی بھی کوئی شرم، کوئی حیا ہوتی ہے۔احسن اقبال دوسروں پر الزام لگانے کی بجائے گریبان میں جھانکیں۔
شہباز گل نے بھی غیرملکی شہریت سے انکار کیا۔ ان کا کہنا تھا وہ پاکستانی شہری ہیں اور ان کے پاس صرف سبز پاسپورٹ ہے جسے کبھی نہیں چھپایا۔
ندیم افضل چن نے وضاحت کی کہ شہریت اور پی آر کارڈ میں فرق ہوتا ہے۔ اگر تصدیق کیلئے ان سے رابطہ کر لیا جاتا تو غلط خبر نشر کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔