نیوزی لینڈ اور چین کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں،وزیراعظم

Jul 20, 2020 | 15:28

ویب ڈیسک

 نیوی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اور چین کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں جس سے مستقبل میں دونوں ممالک اور ان کے عوام کے لیے ترقی کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے پیر کو نارتھ جزیرہ کے شہر آکلینڈ میں منعقدہ چائنا بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پیشہ ورانہ اور باقاعدہ طور پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں مستقل تعاون، لوگوں کی نقل و حرکت اور تعمیری ثقافتی و سیاسی مذاکرات کے لیے نیوزی لینڈ اور چین کے دوطرفہ تعلقات مستحکم اور مضبوط رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طویل تاریخ اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات کی بنیاد پر ہماری جامع سٹریٹجک شراکتداری کو 6 سال ہو رہے ہیں اور یہ شراکت داری ہمارے دوطرفہ فوائد کے لیے جاری رکھی جائے گی جس کی تائید ہماری ون چائنا پالیسی کی وابستگی سے ہوتی ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت کو نیوزی لینڈ اور چین کے تعلقات کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کورونا وائرس کے باعث چین کے لیے کیوی مصنوعات کی برآمدات میں کچھ کمی آئی ہے تاہم انہیں خوشی ہے کہ ابھی بھی معیاری مصنوعات کی برآمدات کا مضبوط سلسلہ جاری ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور چین عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے عالمی تجارتی نظام اور حکمرانی پر مبنی کثیرالجہتی اصول پر عمل پیرا ہیں جس کے لئے دونوں ممالک مشترکہ طور پر نیوزی لینڈ چین آزاد تجارتی معاہدہ کو اپ گریڈ کرنے جیسی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں جب دنیا کورونا وائرس کے پھیلاﺅ سے نمٹنے کی کوششیں کر رہی ہے اور چین اور نیوزی لینڈ کے درمیان مشترکہ مفادات، چیلنجز اور مشترکہ نقطہ نظر ہے۔

مزیدخبریں