کراچی (نیوزرپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ یتیموں ، مسکینوں، کمزوروں اور قریبی رشتے داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کرنا ہی اسلام ہے، عید قربان کے تینوں دن پڑوسیوں اور غریبوں میں گوشت کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے، عید قرباں ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد بانٹنے اور مشکلات سے نکلنے کیلئے ایک ہونے کا درس دیتی ہے، عید قرباں کی خوشیوں میں یتیموں، مسکینوں اور غریبوں کو شامل کیا جائے کیونکہ اللہ احسان کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر حیدرآباد سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ حکمران یاد رکھیں اقتدار ان کے پاس اللہ کی امانت ہے اقتدار میں رہ کر بادشاہت کی بجائے عوام کی خدمت کریں، عوامی مسائل کو حل نہ کرنے والے اللہ کے قہر کو آواز نہ دیں، انہوں نے کہا کہ دین اسلام معاشرے میں مساوات قائم کرنے اور عداوتوں ، نفرتوں کو ختم کر کے متحد ہونے کا درس دیتا ہے، انہوں کا کہنا تھا کہ اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے کر ہی اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے ، دین اسلام دنیا کے چپے چپے میں تیزی سے پھیل رہا ہے یہود و نصاریٰ اسلام کے پھیلائو سے پریشان اور سازشوں میں مصروف ہیں ، مسلم ممالک متحد ہو کر اقوام متحدہ کی طرز پر ایسا ادارہ بنائیںکہ حق و انصاف کا پرچم بلند ہو، ظالموں کو فوری انجام تک پہنچا کر دنیا کے امن کو مستحکم کیا جا سکے مذہبی جنونیت کو فروغ دینے والے ہی دہشتگردوں کے آلہ کار ہیں، بھارت دہشت گرد ملک ہے جو اقلیتوں کو ظلم و جبر اور قتل کر کے اپنا مذہب مسلط کرنا چاہتا ہے، عالمی ادارے بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دے کر پابندیاں عائد کرے۔
مذہبی جنونیت کو فروغ دینے والے ہی دہشتگردوں کے آلہ کار ہیں، ثروت اعجاز قادری
Jul 20, 2021