حکومت چینی کی قیمت مقرر کرنے کانوٹیفکیشن واپس لے:خواجہ شاہ زیب اکرم 

Jul 20, 2021

لاہور(کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے جاری ہونے والے حالیہ قیمتوں کے تعین کے نوٹیفیکیشن واپس لئے جائیں اور مارکیٹ کے حالات کے مطابق چلنے دیا جائے۔انہوں نے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے چینی کی قیمت مقرر کرنے کے فیصلے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ فیصلے چینی کی صنعت اور کاروبار سے تعلق رکھنے والے طبقات سے مشاورت کے بغیر کئے گئے ہیں جو زمینی حقائق اور کاروباری طریقہ کار سے ہٹ کر کئے گئے ہیں۔ ان فیصلوں کے اثرات نہ صرف فوری طور پر چینی کے عام صارفین پر ہوں گے بلکہ یہ منفی اثرات آئندہ شوگر انڈسٹری،گنے کے کاشتکار اور دیگر شعبوں پر بھی ہوں گے۔ایف پی سی سی آئی نے ہمیشہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاروباری فیصلے متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد کئے جائیں۔عوام کیلئے مشکلات کیساتھ کاروباری اور صنعتی حلقوں کیلئے انتہائی نا سازگار حالات پیدا ہوئے۔حکومت کی حالیہ چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کا اقدام بھی اس کاروبار کو مزید مشکلات اور عوام کیلئے سخت حالات پیدا کرسکتا ہے کیونکہ مقرر ہونے والی موجودہ قیمت کسی طرح سے مناسب نہیں ہے ۔

مزیدخبریں