اسلام آباد/ کراچی (نیوز رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) کرونا کے خوفناک وار جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے ملک بھر میں مزید 30افراد جاں بحق ہو گئے۔ مجموعی اموات کی تعداد 22ہزار 811تک پہنچ گئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4اعشاریہ نو پانچ ریکارڈ کی گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 48ہزار 850ہے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 9لاکھ 91ہزار 727ہو گئی۔ پاکستان میں 2ہزار 452نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 9لاکھ 20ہزار 66افراد صحت یاب ہوئے۔کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4644 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1083 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور اس طرح شہر میں مثبت کیسز کی شرح 23.32 فیصد رہی۔ ترجمان نے بتایا کہ حیدرآباد میں 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 5.58 فیصد اور سندھ کے دیگر اضلاع میں 2.06 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ صوبے بھر میں یہ شرح 8.54 فیصد رہی۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں وائرس سے 18 افراد انتقال کرگئے۔ ڈاکٹروں اور ماہرین صحت نے حکومت سے کراچی میں کورونا کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔ سول ہسپتال کراچی میں 48 بیڈ کے سرجیکل وارڈ کو کرونا وارڈ میں بدلا جارہا ہے اور جناح ہسپتال کراچی کے چیسٹ وارڈ کو بھی کرونا وارڈ میں تبدیل کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ پروفیسر انجم رحمان کا کہنا ہے کہ لیاری جنرل ہسپتال کے کرونا وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھا رہے ہیں جبکہ شہر کے چند پرائیویٹ ہسپتالوں میں جگہ خالی ہے لیکن مریض وہاں جانے کو تیار نہیں ہیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈیلٹا ویرئینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ کراچی کے بعد لاہور میں بھی بھارتی ویرئینٹ آرہا ہے، اس کو نہیں روکا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ قیصر سجاد نے کہا ہے کہ لوگ عید کے موقع پر خاص احتیاط کریں اور کراچی سے اندرون ملک جانے والوں کو بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ملکوں میں مصدقہ کیسز کے حوالے سے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس وانجینئرنگ مرکز نے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے ہیں جو 19جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10بجے تک کے ہیں۔ دنیا بھرمیں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 19کروڑ 3لاکھ 79ہزار 364ہوگئی۔ امریکہ 3کروڑ 40لاکھ 79ہزار960 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارت 3کروڑ 11لاکھ 6ہزار 65مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور برازیل 1کروڑ 93لاکھ 76ہزار574 مصدقہ کیسزکے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔