فیٹف: بھارتی بیان دنیا کے سامنے رکھیں گے، پاکستان: کو ششوں کو سراہتے ہیں، امریکہ

Jul 20, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر کے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ میں رکھنے کیلئے دبائو ڈالنے سے متعلق اعتراف پر پاکستان نے بھارتی منفی کردار کا معاملہ فیٹف صدر کے سامنے اٹھانے پر غور شروع کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کے بارے میں متنازعہ بیان آیا ہے۔ بھارت نے فیٹف عمل کو ہمیشہ نقصان پہنچایا۔ جے شنکر کے بیان نے مودی سرکار کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت کے ایف ای ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کا معاملہ اٹھاتا رہا ہے۔ پاکستان فیٹف ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے تعمیری اور مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے دوہرے معیار کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا۔ بھارت نے ایف اے ٹی ایف اہداف پر پاکستانی پیشرفت پر شکوک و شبہات پیدا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ پاکستان بھارت کے حالیہ اعتراف کو بھی ایف اے ٹی ایف اور بین الاقوامی برادری کے سامنے رکھے گا۔ ایس جے شنکر کا حالیہ اعتراف بھارت کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ خاتمے کیلئے پاکستان کے ٹھوس، قابل تصدیق اقدامات کو ایف اے ٹی ایف نے سراہا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی بیان نے اس کی اصلیت عیاں کر دی ہے۔ ایف اے ٹی ایف میں بھارتی منفی کردار سے متعلق پاکستان کے موقف کو درست ثابت کیا اور بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کر کے اس کے کردار کو گھٹا رہا ہے۔ پاکستان ماضی میں بار بار بھارت کے نقلی کردار کو عالمی برادری کے سامنے لاتا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کے حالیہ اعتراف کو بھی ایف اے ٹی ایف کے نوٹس میں لایا جائے گا اور پاکستان مناسب ایکشن کے لیے صدر ایف اے ٹی ایف سے رابطے پر غور کر رہا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم ایف اے ٹی ایف پر زور دیتے ہیں کہ اس معاملے کو دیکھے۔ جبکہ پاکستان کی اینٹی منی لانڈرنگ اور سی ایف ٹی سے متعلق پیشرفت کو ایف اے ٹی ایف نے تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھوکے بازی سے پاکستان پر دبائو ڈالنے کی بھارتی کوشش ہمیشہ ناکام رہی ہے۔

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ایف اے ٹی ایف کے نکات پورا کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 نکات پر عملدرآمد کرلیا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے کیلئے اقدامات کرے اور فیٹف ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد کرے۔ ایکشن پلان پر پاکستان نے بھرپور پیشرفت دکھائی پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جلد بقیہ نکات بھی مکمل کرے۔

مزیدخبریں