ڈیرہ غازی خان/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) انڈس ہائی وے پر جھوک یار شاہ کے نزدیک مسافر بس اور ٹرالر کے خوفناک تصادم میں 33 افراد موقع پرجاں بحق جبکہ 59 زخمی ہو گئے۔ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ چار زخمیوں کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق ضلع راجن پور کے مختلف علاقوں سے ہے۔ جبکہ نعشوں کو شناخت کے بعد ایمبولینسوں کے ذریعہ آبائی علاقوں کو روانہ کردیاگیا۔ تفصیل کے مطابق انڈس ہائی وے پر جھوک یار شاہ کے قریب سیالکوٹ سے راجن پور جانے والی مسافر بس اوور ٹیک کرتے ہوئے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ خوفناک حادثہ میں بدقسمت بس کے ڈرائیور سمیت 33 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بس میں 87مسافر سوار اور متعدد بس کی چھت پر بھی بیٹھے تھے جن میں سے 27افراد موقع پر اور 6 ہسپتال میں دم توڑ گئے جبکہ مسافر عید الاضحیٰ کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لئے سیالکوٹ سے اپنے آبائی علاقوں میںآرہے تھے کہ راستے میں ہی بس حادثہ کا شکار ہو گئی۔ تاہم ایک نعش کی شناخت نہ ہو سکی۔ دریں اثنا ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید بس حادثہ کی اطلاع پر ٹیچنگ ہسپتال پہنچ گئے۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت زرتاج گل وزیر، مشیر صحت محمد حنیف پتافی، ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ اور دیگر نے بھی ٹیچنگ ہسپتال میں جا کر زخمیوں کی عیادت کی اور علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ 59زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ محمد جلال الدین رومی، سینئر نائب صدر محمد لطیف خان پتافی و دیگر نے اس حادثہ پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کی فوری مالی امداد اور زخمیوں کو خاطر خواہ طبی امداد اور ہر سہولت فراہم کی جائے اور ان کے خاندان کیلئے فوری مالی امداد کی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان ٹریفک حاثدہ کے بارے میں وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعہ کی جامع انکوائری کرکے حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔ حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے حقائق سامنے لائے جائیں اور فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ 3 روز کے اندر وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوری کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رابطہ کیا اور انہیں زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے بارے میں ہدایات دی۔ وزیر اعلی کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نیحادثہ کے بارے میں کمشنر اور آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غفلت کے ذمہ داروںکو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ غم کی گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفاقی وزراء فواد چودھری‘ شیخ رشید‘ بلاول بھٹو نے جانی نقصان پر افسوس اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عید کیلئے گھروں کو جانے والوں کیلئے بس حادثہ کسی قیامت سے کم نہیں۔ دریں اثناء چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ڈی جی خان تونسہ شریف میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ڈی جی خان میں ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے کہا بس کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرا صدمہ پہنچا۔