اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے داسو میں بس کے واقعہ کے تناظر میں چین کی حکومت، عوام اور خاص طور غم زدہ چینی خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان آرمی آزمودہ دوست کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی بہت زیادہ قدر کرتی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جب ہم امن کے لئے کام کر رہے ہیں تو ہمیں تمام معاندانہ عزائم رکھنے والی قوتوں کو ناکام بنانے کے لئے مضبوط بنے رہنے کی ضرورت ہے۔ دشمن قوتیں ہمارے عزم کو چیلنج کر رہی ہیں اور خاص طور پر پاکستان چین سٹریٹجک تعاون کے لئے خطرہ ہیں۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لئے مسلسل اینگیجمینٹ اور رابطے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔امریکہ کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔
چینی سفیر کی ملاقات ، دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے مضبوط رہنے کی ضرورت: جنرل باجوہ
Jul 20, 2021