کراچی (آئی این پی) کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن(کے الیکٹرک )نے کراچی کے شہریوں پر ایک بار پھر بجلی گرانے کی تیاری کرلی، بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی درخواست دائر کردی گئی جس کی منظوری کے بعد یونٹ ریٹ مزید مہنگا ہوجائے گا،نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں رواں ماہ سے ماہانہ اور سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی6.52روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے، اس سلسلے میں کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست دائر کردی ہے، ماہ جولائی تا جون اور جنوری تا مارچ 2021تک کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کی گئی ہے جس کی منظوری کے بعد جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1.97روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے،اس کے علاوہ فروری کے لیے بجلی 2روپے 49پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، کے الیکٹرک کی جانب سے مارچ کے لیے بجلی ایک روپیہ 49پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے، کے الیکٹرک نے اپنی درخواست میں ماہ اپریل کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 86پیسے فی یونٹ اور مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی میں بجلی 86پیسے فی یونٹ اضافے کا کہا ہے،رواں ماہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 21پیسے مہنگی جبکہ جنوری تا مارچ 2021ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 36پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے، نیپراکے الیکٹرک کی مذکورہ درخواست پر 28جولائی کو سماعت کے بعد یہ فیصلہ کرے گا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی گنجائش ہے یا نہیں۔