کھٹمنڈو (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) نیپال کے نئے وزیراعظم شیر بہادر پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 75 سالہ شیر بہادر نے چوتھی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ سے اعتماد کے ووٹ میں 165 ووٹ لئے جو مطلوبہ 136 ووٹوں سے 29 ووٹ زیادہ ہیں۔ جبکہ ان کے خلاف 83 ووٹ ڈالے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیر بہادر کو ملک میں کرونا کیسز کے پیش نظر فوری طور پر ویکسین کی خریداری کیلئے چیلنج کا سامنا ہے۔ کیونکہ اب تک نیپال میں کرونا کے ساڑھے 6 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور 9550 افراد جان سے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے نیپالی وزیراعظم شیر بہادر دیوبہ کو پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لینے پر مبارکباد پیش کی۔ ٹوئٹرپر جاری بیان میں نیپالی وزیر اعظم کو مبارکباد دی اور مستقبل میں ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات میں مزید وسعت و گہرائی کیلئے تیار ہے۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے امور پر نیپال کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
نیپال کے نئے وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا‘ عمران خان کی مبارکباد
Jul 20, 2021