ملتان (سپورٹس ڈیسک) انتخاب عالم نے بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا کپتان بنانے کا فیصلہ غلط قرار دیدیا،سابق کپتان کا کہنا ہے کہ نوجوان بیٹسمین پر بہت زیادہ دبائو ڈال دیا گیا،مضبوط ڈمیسٹک اسٹرکچر کی عدم موجودگی ون ڈے ٹیم کی انگلینڈ میں ناکامی کا سبب بنی، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری نہیں لا سکے۔ انتخاب عالم نے کہا کہ جب بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا کپتان بنایا گیا تو میں نے اس وقت بھی کہا تھا کہ درست فیصلہ نہیں کیا گیا، میرے خیال میں تینوں فارمیٹ کی کپتانی کے سبب ان پر بہت دبائو ہے، وہ خود کچھ نہ کہیں مگر یہ ایک حقیقت ہے،بابر اعظم کو صرف ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی کمان سنبھالنی چاہیے تھی۔ٹی ٹوئنٹی کا کپتان کسی اور کو بنانا بہتر ہوتا۔سابق کپتان نے کہاکہ مضبوط ڈومیسٹک اسٹرکچر نہ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کو انگلینڈ میں تینوں ون ڈے میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،ماضی میں اچھی ٹیمیں بہتر نظام کی وجہ سے بنتی رہیں، پی ایس ایل یا لیگز سے ٹیمیں نہیں بنتیں۔