وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہورسمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث انتظامیہ اور واسا کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور واسا حکام نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تما م ضروری وسائل بروئے کار لائیں اور ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ واسا حکام اور انتظامی افسران فیلڈ میں موجودرہیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں ـ انہوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں پر پانی نکالنے کے لئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے موثر مینجمنٹ کی جائےـ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کو ٹائم لائن کے اندر مکمل ہونا چاہیےـ وزیر اعلی عثمان بزدار نے انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو 24/7چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جائے اورکسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر فوری امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔امدادی سرگرمیوں میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر اعلی نے بعض اضلاع میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع کے انتظامی افسران کو ہدایات دی ہیں.