لاہور) نیوزرپورٹر(یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں اسلامی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے نائیجرین ہیلتھ سٹاف کی تربیت کا آغاز ہوگیا۔ ماں اور بچے کی صحت کے شعبے میں یہ تربیتی سیشن ٹیلی میڈیسن کے ذریعے شروع کیا گیا ہے۔ منصوبے کو ریورس لینکجزکا نام دیا گیا ہے اور اس کے تحت نائیجریا کی ریاست کڈانہ کے بی ڈی ٹی ایچ ٹیچنگ ہسپتال مں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کو پاکستانی ماہرین تربیت دیں گے۔ اس منصوے کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک49ہزار امریکی ڈالرز کے فنڈز فراہم کریگا۔ منصوبے کی مدت 12ہفتے ہوگی جبکہ پاکستانی ماہرین جن میں گائنا کالوجسٹ، ماہر امراض بچگان، فزیشن اور پبلک ہیلتھ سپشلسٹ شامل ہیں 90سے زائد آن لائن لیکچرز دیں گے۔ منگل کے روز یو ایچ ایس میں اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی چیئرمین بورڈ آف گورنرز و سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی تھے۔جسٹس تصدق حسین جیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز اپنی مہارت اور علم کی وجہ سے دنیا بھر میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔