لاہور (سپورٹس رپورٹر) 100 کوہ پیماؤں نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی 'کے ٹو' سر کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا۔ 6 کوہ پیما 'براڈ پیک' کو سر کرنے میں کامیاب رہے جبکہ کئی غیر ملکی کوہ پیماؤں نے 8 ہزار 51 میٹر بلند پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے کیلئے اپنی مہم کا آغاز کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کوہ پیما 22 جولائی تک صاف رہنے والے مطلع کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سمٹ قراقرم سے تعلق رکھنے والے سخاوت حسین نے بتایا کہ پائنیر ایڈونچر ٹیم کے 10، ایٹ کے ایکسپیڈیشن ٹیم کے 23، ڈولما ٹیم کے 3، مکالو ایکسٹریم ٹیم کے 4 کوہ پیماؤں نے ’کے ٹو‘ سر کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ایلیٹ ایکسپیڈیشنز، امیجن نیپال، سیون سمٹس ٹریکس اور ایڈونچر پاکستان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماؤں نے بھی اپنی مہم کا آغاز کیا ہے۔ امیجن نیپال مہم جو ٹیم کے لیڈر منگما جی کا کہنا ہے کہ ’’کے ٹو‘‘ پر مہم جوئی کیلئے موسم بہت کم ہی سازگار ہوتا ہے اور اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وہ مہم جوئی کا آغاز کر رہے ہیں۔ ٹیم میں نیدر لینڈز سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ رینے ڈائی بھی موجود ہیں جو پانچویں بار 'کے ٹو'سر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سخاوت حسین نے تصدیق کی کہ ان کے گروپ سے تعلق رکھنے والے 2 کوہ پیماؤں سمیت 6 افراد نے چوٹی کو سر کیا، چوٹی کو سر کرنے والے 6 مہم جو کوہ پیماؤں میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے لوک بینوئٹ اور بولیویا سے تعلق رکھنے والے لوئس بھی شامل تھے۔ پاکستانی کوہ پیما ساجد علی سدپارہ جنہوں نے براڈ پیک کو سر کرنے کی اپنی مہم شروع کی تھی، وہ کیمپ 2 پہنچ چکے تھے۔ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بننے کا عزم لئے نائلہ کیانی نے اپنی پیش قدمی کا آغاز کر دیا ہے اور وہ چوٹی کے کیمپ ون پر پہنچ چکی ہیں۔ نائلہ کیانی ایڈوانس بیس کیمپ کو کراس کرنے کے بعد 6900 میٹر بلندی پر اس کے کیمپ ون تک پہنچیں۔ امکان ہے کہ اگر موسمی حالات ٹھیک رہے تو نائلہ کیانی22 یا 23 جولائی تک کے ٹو سر کر سکتی ہیں۔
100 کوہ پیماؤں کی ’’کے ٹو‘‘ سر کرنے کی مہم‘ 6 چوٹی پر پہنچ گئے
Jul 20, 2022