لاہور+اسلام آباد (خبرنگار+وقائع نگار) صوبہ پنجاب میں دکانیں اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کے فیصلے پر دوبارہ عملدرآمد شروع کر دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پنجاب میں دکانیں اور کاروباری مراکز جلد بند کرانے کا مقصد بجلی کی بچت ہے۔ صوبہ پنجاب میں عید اور ضمنی انتخابات کی وجہ سے پابندی میں ریلیف دیا گیا تھا۔ دریں اثناء کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروباری مراکز کے اوقات کار محدود کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام بازار، تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز، سپر سٹورز رات 9 بجے بند کر دیئے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شادی ہالز، بینکوئٹس اور تقاریب ساڑھے 10 بجے تک ختم کرنی ہوں گی۔ اس کے علاوہ ریسٹورنٹس، کافی شاپس، ہیلتھ سینٹرز، کلبس، جم، سینما، تھیٹر ساڑھے11 بجے تک بند کرنے ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بل بورڈز اور دیگر اشتہارات کی لائٹس بھی 9 بجے تک بند کرنی ہوں گی۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ تمام پابندیوں کا اطلاق ہفتے کے روز نہیں ہوگا جبکہ ایک دن جمعہ یا اتوار کو چھٹی کا دن تصور کیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق 16 اگست 2022ء تک کیلئے ہو گا۔ میڈیکل سٹورز، ہسپتال، فارمیسیز، پٹرول پمپس، دودھ دہی کی دکانیں، بیکریز، لیبارٹریز، کال سینٹرز، پوسٹل سروسز، ایمبولینس سروسز، ٹائر ریپیئر شاپس، بس اڈے، سبزی منڈی وغیرہ کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔