کوئٹہ (آئی این پی) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کا باقاعدہ آغاز 14اگست کو کیا جائے گا، ریکوڈک منصوبے میں بلوچستان کا حصہ25فیصد ہے۔ اس منصوبے سے بلو چستان کو سالانہ ایک ارب ڈالرز کی آمدن ہو گی جبکہ 7500افراد کو روزگار ملے گا جن میں مقامی افراد کو ترجیح دیں گے۔ منگل کے روز کو ئٹہ میں انہوں نے بیرک گولڈ کارپوریشن کے سربراہ مارک برسٹو کے ہمراہ ریکوڈک منصوبے سے متعلق پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہو ئے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کا باقاعدہ آغاز 14اگست کو کیا جائے گا۔ منصوبے میں بلوچستان کا 25 فیصد حصہ ہے، صوبے کو اس منصوبے سے سالانہ ایک ارب ڈالرز کی آمدن ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ سماجی بہبود کے پروگرامز کے لیے 70ملین ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔ کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو مارک برسٹو کا کہنا ہے کہ ریکوڈک کاپر گولڈ پراجیکٹ کمپنی، بلوچستان حکومت اور سرکاری انٹرپرائزز کے مابین ایک پارٹنر شپ ہے جو آنے والی نسلوں کیلئے پائیدار خوشحالی کا باعث بنے گا۔ عبدالقدوس بزنجو سے کوئٹہ میں ہونے والی ملاقات کے بعد مسٹر برسٹو کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں بیرک اور حکومت پاکستان نے اس امر کو یقینی بنانے کیلئے کام کیا ہے کہ بلوچستان کو ریکوڈک سے حاصل ہونے والے فوائد کا خاطر خواہ حصہ ملے۔ ریکوڈک میں بلوچستان کی شیئر ہولڈنگ کی فنڈنگ کلی طور پر اس کے پارٹنرز اور وفاقی حکومت کی جانب سے کی جائے گی، جس کا مطلب یہ ہے کہ صوبہ کو کان کی تعمیر اور آپریشنز کی مد میں بنا کسی مالیاتی حصہ داری کے اپنی 25فیصد ملکیت کے مطابق ڈویڈنڈز، رائلٹی اور دیگر فوائد حاصل ہوں گے۔
ریکوڈک پراجیکٹ کا آغاز 14 اگست کو‘ بلوچستان کا حصہ 25 فیصد: عبدالقدوس بزنجو
Jul 20, 2022