لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید، سبطین خان، علی عباس اور دیگر کے ہمراہ پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ پہلے ہی اپنا اصل چہرہ دکھا چکی ہے، ہم حیران تھے کہ حمزہ شہباز کیسے خاموش بیٹھا ہے، حمزہ شہباز اس قابل ہی نہیں رہا کہ سیاست کر سکے، ن لیگ نے رانا ثناء اللہ جیسے غلط کام کرنے والے بندے کو وزیر داخلہ بنایا جو خود اب ان کے قابو میں بھی نہیں آ رہا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ شریفوں نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، مریم صفدر نے الیکشن میں ہار تسلیم کر کے بڑا اچھا بیان دیا ہے، ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، مفتاح کا مفتا لگا ہوا ہے، ابھی بھی آئی ایم ایف سے انہیں کچھ نہیں ملا، رانا ثناء اللہ اداروں کو ہمارے خلاف استعمال کررہا ہے، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم 5 بندے یہاں وہاں کر دیں گے جو عدالتی حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، اس حوالے سے ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ آئی بی کو بھی پولیس کی طرح استعمال کر کے ہمارے ارکان اسمبلی کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 22 جولائی کو سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ سب سے پہلے وزیراعلیٰ کا الیکشن کروایا جائے اس کے بعد آئی جی اور چیف سیکرٹری کو صرف ہٹانا ہی نہیں ان کو سزا بھی دینی ہے۔ تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے ارکان نے وزیراعلیٰ بنانے کیلئے چودھری پرویزالٰہی کے نام کی توثیق کر دی ہے، کل تک ہمارے نو منتخب ارکان کا حلف ہو جائے گا، وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے ہمیں 14 ووٹوں کی برتری حاصل ہے، ن لیگ شکست تسلیم کرتے ہوئے ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کرے، ن لیگ، بیورو کریٹس اور پولیس کو وارننگ دیتا ہوں کہ کوئی غیر قانونی کام نہ کریں۔ معروف قانون دان عامر سعید راں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر انٹیلی جنس بیورو نے ہمارے ارکان اسمبلی کی نگرانی کیلئے خصوصی سیل قائم کیا ہے جس کا مقصد ارکان اسمبلی کو دباؤ میں لانا ہے۔قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے سابق وزیرگلگت بلتستان بشیر احمد خان نے وفد کے ساتھ ملاقات کی اور ضمنی الیکشن میں بھرپور کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور انہیں گلدستہ بھی پیش کیا۔
5لوگ ادھر ادھر کرنے کا بیان عدالتی حکم کی خلاف ورزی، مریم نے اچھی بات کی ، پرویز الہی
Jul 20, 2022