پارلیمانی پارٹی کا اظہار اعتماد ، مشن پاکستان کو بچانا ، سنوارنا ہے: حمزہ شہباز 


لا ہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں مسلم لیگ ن‘ پیپلز پارٹی‘ اتحادی جماعتوں اور آزاد ارکان پنجاب اسمبلی نے بھرپور شرکت کی۔ مشترکہ اجلاس میں تمام ارکان نے ہاتھ بلند کر کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔  حمزہ شہباز نے خطاب میں کہا کہ سدا بادشاہی اﷲ تعالیٰ کی ہے۔ 1993ء سے بحیثیت سیاسی کارکن محاذ پر ڈٹا ہوا ہوں۔ خوب جانتا ہوں کہ مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے۔ نہ ہار ابدی ہے نہ کسی جیت کو دوام حاصل ہے۔ مشن پاکستان کو بچانا اور سنوارنا ہے جو انشاء اﷲ جاری رہے گا۔ ہم چاہتے تو پی ٹی آئی کی طرح ریاست کو نقصان پہنچا کر سیاست کر سکتے تھے لیکن ہم نے ریاست کو مقدم رکھا۔ وطن عزیز پاکستان ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے‘ پاکستان کو پی ٹی آئی کی مچائی تباہی سے نکال لیا تو خود کو کامیاب سمجھیں گے۔ خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے جس تک انشاء اﷲ  ضرور پہنچیں گے۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے 22 جولائی کو ہونے والے اجلاس کے بارے میں حکمت عملی طے کی گئی۔ ضمنی الیکشن جیتنے والے نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی کو مبارکباد دی گئی۔ حمزہ شہباز شریف نے بھکر میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے ایس ایچ او محمد حیات اللہ خان کی فرض شناسی اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا اور واقعہ کے بارے میں انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر ی ہے۔

ای پیپر دی نیشن