عدم اعتماد کے وقت ڈالر 178کا تھا ، حکمرانوں کو معشیت ، انتظامی امور کا تجربہ نہیں مہا رت صرف چوری میں ہے: عمران 

Jul 20, 2022


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے وقت ڈالر 178 روپے تھا جو اب 224 روپے کا ہوگیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ امریکی سازش سے لائی گئی تحریک عدم اعتماد کے وقت ڈالر 178 روپے کا تھا جو اب 224 روپے کا ہوگیا ہے اور آئی ایم ایف سے معاہدے کے باوجود روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ خراب معاشی صورتحال سے ظاہر ہوگیا کہ شریف خاندان کو معیشت یا انتظامی امور چلانے کا کوئی تجربہ نہیں۔ ان کی واحد مہارت چوری، منی لانڈرنگ اور این آر او حاصل کرنے میں ہے۔ عوام حکومت تبدیل کرنے کی سازش اور پاکستان کو اس ابتر حال تک پہنچانے کے ذمہ داروں کا احتساب کرے گی۔

مزیدخبریں