اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) وزارت مواصلات نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہکلہ ٹول پلازہ پر ٹریفک کے رش پر قابو پانے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے فوری نوٹس پر وزارت مواصلات متحرک ہوگئی اوردو دن کے اندر محصولات کی وصولی کیلئے قائم بوتھس کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کا وفاقی سیکرٹری مواصلات وچیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا و دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ ہکلہ موٹروے کا ہنگامی دورہ کیا۔پشاور موٹروے(M-1)سے متصل ہکلہ موٹروے کے ٹول پلازہ پر ٹریفک کے حد درجہ رش پر قابو پانے کیلئے وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے محصولات کی وصولی کیلئے قائم بوتھس میں مناسب اضافہ کی ہدایات جاری کیں۔این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کے متعلقہ حکام نے دو دن کے قلیل عرصہ میں محصولات بوتھس کی تعداد بڑھادی،جس سے ٹریفک کے رش میں خاصی کمی واقع ہوئی۔ وفاقی وزیر نے ٹریفک رش پر قابو پانے کیلئے بوتھس کی تعداد میں فوری اضافہ پر این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کے حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پرانہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تمام تر موٹرویز پر الیکٹرانک ٹال سسٹم کے مکمل رائج ہونے کے بعد نہ صرف ٹریفک کے بے ہنگم رش میں کمی واقع ہوگی بلکہ ٹریفک بلا رکاوٹ رواں دواں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفرمزید محفوظ تر،سہل اور خوشگوار ہوسکے۔
ہکلہ ٹول پلازہ
ہکلہ ٹول پلازہ پر ٹریفک کے رش پر قابو پانے کیلئے این ایچ اے متحر ک
Jul 20, 2022