ترقیاتی پراجیکٹ میں مقامی آبادی کو فوقیت دی جائیگی: زاہد اکرم درانی

Jul 20, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا کہ مقامی آبادی کو گیس فراہمی میں فوقیت دینے سے انکے شکایات کا ازالہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بنوں اور شمالی وزیرستان کے لوگوں کو گیس فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی ویسٹ ویل-۱ سے داود خیل ایس  ایم ایس اور ولی ویل سے کاکا خیل اس ایم ایس تک گیس سپلائی لائن کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جنرل منیجر سوئی نارتھرن گیس پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ( ایس این جی پی ایل)ثاقب ارباب اور دیگر آفسران سے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا ۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا کہ جنوبی اضلاع خاص طور پر بنوں کے عوام کو شدید گیس لوڈ شیدڈنگ کا سامنا ہے جس کو فلفور بند کیا جائے اور صبح ، دوپہر ، شام گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بانی ویسٹ ویل-۱ اور ولی ویل پروجیکٹ میں بنوں کے تحصیل بنوں سٹی، ڈومیل، ککی ، میریان اور بکا خیل اور شمالی وزیرستان کے تحصیل ڈوسیل،  گریان،  غلام خان ، میر علی ، میران شاہ ،رزمک اور شوہ  کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی بروقت تکمیل اور حفاظت کیلئے مقامی آبادی کو اعتماد میں لینا انتہائی ضروری ہے ۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق اس پروجیکٹ میں مقامی آبادی کو فوقیت دی جائے گی ۔
 زاہد اکرم درانی

مزیدخبریں